07 مارچ ، 2025
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میو اسپتال ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی سرجیکل ٹاور کا دورہ کیا تو مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیے، وزیراعلیٰ نے میو اسپتال انتظامیہ کی سخت سرزنش کی اور ایم ایس کو عہدے سے فوری ہٹانےکا حکم دے دیا۔
میو اسپتال کے دورے کے دوران مریم نواز نے مریضوں سے بات چیت کی تو انہوں نے اسپتال میں سہولیات اور علاج معالجےکے حوالے سے شکایات کے ڈھیر لگا دیے۔
مریم نواز یہ سن کر سخت غصے میں آگئیں اور وہاں موجود ایم ایس پر برس پڑیں اور کہا آپ کو یہاں ایم ایس کس نے لگایا آپ کو توکچھ پتہ ہی نہیں کہ مریضوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے موقع پر ہی ایم یس کو ہٹانے کا حکم دیا اور ایم ایس سے مخاطب ہوکر کہا کہ شکرکریں میں آپ کو گرفتار نہیں کروا رہی۔
وزیر اعلیٰ کے حکم پر ایم ایس ڈاکٹر فیصل مسعود کی جگہ ڈاکٹر احتشام الحق کو ایم ایس میو اسپتال لگا دیا گیا جب کہ پروفیسر ڈاکٹر احسن نعمان کو ان کے عہدے سے ہٹا کر پروفیسر ڈاکٹر ہارون حامد کو سی ای او میو اسپتال مقرر کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سندھ سے آئے میاں بیوی کی شکایت کے فوری ازالے اور گردے کے مرض میں مبتلا بچی کی ماں کی اپیل پر فوری ٹرانسپلانٹ کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔