09 مارچ ، 2025
بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز اسکور کیے۔ بھارت نے ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
کیوی ٹیم کو پہلا نقصان وِل ینگ کی صورت میں 57 رنز پر اٹھانا پڑا جنہیں وروُن چکرورتھی نے پویلین لوٹایا، جب کہ 69 رنز پر اوپنر راچن رویندرا اسپنر کلدیپ یادیو کا شکار بنے جب کہ ٹیم کے مجموعی 75 اسکور پر کلدیپ یادیو نےکین ولیمسن کو آؤٹ کیا۔
کیوی ٹیم کو چوتھا نقصان ٹام لیتھم کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں رویندرا جڈیجا نے پویلین لوٹایا، بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 165 رنز پر گری جب گلین فلپس 34 رنزپر ورون چکراورتھی کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔
بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 211 رنز پر گری جب ڈیرل مچل 63 رنز کی اننگ کھیل کر محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 239 رنز پر گری اور کپتان مچل سینٹنر 8 رنزبناکر رن آؤٹ ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز مستحکم رہا اور اوپنرز روہت شرما اور شبمن گل نے 105 رنز کی شراکت قائم کی،شبمن گل 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، روہت شرما نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویرات کوہلی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، ہاردک پانڈیا نے 18 اور اکشر پٹیل نے 29 رنز بنائے، شریاس آئیر نے 48 رنز بنائے۔ کے ایل راہول 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈکی جانب سے مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
روہت شرما شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے، روہت شرما نے 76 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے، راچن رویندرا نے 4 میچوں میں 263 رنز بنائے اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت تیسری مرتبہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن گیا ہے۔ اس سے قبل 2002 میں بھارت سری لنکا کے ساتھ مشترکہ چیمپئن تھا جب کہ 2013 میں اس نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ آج بھارت اور نیوزی لینڈ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں 25 سال بعد مدمقابل تھے، 25 سال قبل نیروبی میں کھیلےگئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو کرس کینز کی شاندار سنچری کی بدولت 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔