10 مارچ ، 2025
ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی لڑکیوں کو شادی کے نام پر چین اسمگل کرنے والےگروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان غیرملکی پرواز کے ذریعے چین جارہے تھے، گرفتار ملزمان کی شناخت شوگئی، عبدالرحمان اور نعمان کے نام سے ہوئی ہے، شادی کے نام پر اسمگل کی جانے والی متاثرہ لڑکی بھی زیر حراست ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے متاثرہ لڑکی کو شادی کے نام پر چین اسمگل کرنے کی کوشش کی، پاکستانی لڑکیوں کی چینیوں سے شادی کروانے میں ملوث گینگ میں متعدد خواتین بھی شامل ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزمان ضرورت مند لڑکیوں کو چینی شہریوں سے شادی پر آمادہ کرتے تھے۔ ملزمان عبدالرحمان اور نعمان چینی ایجنٹ پاول کی مدد سے دستاویزات تیار کرتے، پاول بھاری رقوم کے عوض چینی کلائنٹ کا بندوبست کرتا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پاکستانی لڑکیوں کے سفری دستاویزات اور دیگر سہولت کاری کرتے، ملزمان نے متاثرہ لڑکی کی والدہ سے 10 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے تھے، ملزمان نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی ادائیگی کی تھی، ملزمان نے متاثرہ لڑکی سے 10 لاکھ روپے ادھار لینے کا اسٹامپ پیپر بھی کرایا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان تفتیش اور قانونی کارروائی کےلیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیے گئے ہیں۔