10 مارچ ، 2025
اسلام آباد: پاکستان نے 7 ماہ میں 40کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی چینی برآمد کی جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 1831فیصد زائد ہے۔
ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق جولائی سے جنوری تک 40کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی چینی برآمد کی گئی، گزشتہ سال اسی عرصہ میں 2کروڑ 10لاکھ ڈالر کی چینی برآمد کی گئی تھی۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں چینی کی برآمد 1831 فیصد زائد رہی، رواں مالی سال جولائی سے جنوری تک 7 لاکھ 57ہزار 597 میٹرک ٹن چینی برآمدکی گئی، گزشتہ سال اسی عرصہ میں 33ہزار 101میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی تھی۔
برآمد کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت کو پر لگ گئے ہیں اور چینی 170 سے 180 روپے فی کلو میں ملنے لگی ہے۔
لاہور میں ایک کلو چینی 170 روپے ہوگئی ہے، چینی مزید مہنگی ہونےکا خدشہ ہے۔
صدر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ شوگر ملز اور ڈیلرز کارٹل کو توڑا نہیں جا سکا۔
پشاورمیں بھی دس روپے کے اضافے کے بعد ایک کلو چینی 170 روپے کی ہوگئی ہے جب کہ رمضان سے پہلے چینی 160 روپے کلو فروخت کی جا رہی تھی۔
کراچی میں رمضان سے قبل 145 روپے کلو میں فروخت ہونے والی چینی ہول سیل میں 168 اور ریٹیل میں 180 روپےکلو میں فروخت کی جارہی ہے۔
ہول سیل گروسرز کا کہنا ہے کہ چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت کی آڑ میں ذخیرہ اندوز مافیا فائدہ اٹھا رہا ہے، حکومت اگر اقدامات لے تو چینی 125 روپے فی کلو تک نیچے آسکتی ہے۔