پاکستان

وزیراعظم کی بلاول سے ملاقات، دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرادی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملاقات میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

‎وزیراعظم کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری اور وفد کے اعزاز افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق افطار ڈنر کے موقع پر تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بقیہ مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے۔

ذرائع نے بتایاکہ بلاول بھٹو زرداری نے معیشت کے اشاریوں کی تعریف کی اور کہاکہ حکومتی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم سے پیپلزپارٹی کے وفد کی ملاقات کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔ پیپلزپارٹی وفد کے مطابق دریائے سندھ کے نظام سے مزید نہریں نکالنے سے صوبے بھر میں تشویش ہے، یک طرفہ پالیسیاں وفاق پر شدید دباؤ کا باعث بن رہی ہیں۔

پی پی وفد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لیے بغیرنہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے جلد اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا جائے گا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پنجاب کے مسائل کے حل کیلئے ہفتہ کو لاہور میں اجلاس ہوگا، دونوں جماعتیں مل کر متنازع معاملات حل کریں گی اور اس حوالے سے اسحاق ڈار کو ٹاسک دے دیا۔

پی پی اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ وزیرِاعظم سے ملاقات کی جبکہ وزیراعظم نے عوام کی زندگی بہتربنانے میں فعال کردار پرپیپلزپارٹی قیادت کو سراہا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی وفد نے وزیراعظم کے سامنے متنازع نہروں سے متعلق اعتراضات رکھے، وفد نے وزیراعظم کو کُرم میں صورتحال پر خدشات سے آگاہ کیا اور وزیراعظم سے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی داد رسی نہ ہونے کا شکوہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے متنازع نہروں، کُرم میں امن کیلئے  اور  بلوچستان کے سیلاب متاثرین سے متعلق پیپلزپارٹی کے تحفظات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

مزید خبریں :