Time 11 مارچ ، 2025
کھیل

انگلش کرکٹر ہیری بروک آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے، وجہ بھی بتا دی

انگلش کرکٹر ہیری بروک آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے، وجہ بھی بتا دی
فوٹو: فائل

انگلش کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر ہیری بروک انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) 2025 سے دستبردار ہوگئے۔

انگلینڈ کے اسٹار بیٹر ہیری بروک نے پیر کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آئندہ سیزن سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ انٹرنیشنل کرکٹ پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

26 سالہ بروک، جو جوس بٹلر کی جگہ انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان بننے کے اہم امیدوار سمجھے جا رہے ہیں، کو آئی پی ایل کے رواں سیزن کیلئے دہلی کیپیٹلز نے خریدا تھا۔

بروک نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے ایک بہت مشکل فیصلہ کیا ہے کہ میں آئی پی ایل کے اس سال کے سیزن میں حصہ نہیں لوں گا، میں دہلی کیپیٹلز سے معذرت خواہ ہوں۔

ہیری بروک نے لکھا کہ میں کرکٹ سے محبت کرتا ہوں، بچپن سے ہی میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ایک خواب رہا ہے ، یہ انگلینڈ کرکٹ کے لیے ایک بہت اہم وقت ہے اور میں آنے والی سیریز کے لیے مکمل تیاری کرنا چاہتا ہوں۔

بروک نے مزید کہا کہ  مجھے معلوم ہے کہ سب لوگ میرے فیصلے کو نہیں سمجھیں گےاور میں ان سے یہ توقع بھی نہیں رکھتا لیکن مجھے وہی کرنا ہے جو میرے لیے درست ہے اور اپنے ملک کے لیے کھیلنا میری پہلی ترجیح رہے گی۔

یاد رہے کہ بروک نے گزشتہ سیزن میں بھی دہلی کی ٹیم سے اپنا معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بروک کو آئی پی ایل میں دو سال کی ممکنہ پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آئی پی ایل کے قوانین کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے تاخیر سے دستبرداری پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ تاہم، چوٹ یا کسی خاص حالات میں استثنیٰ دیا جا سکتا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ کا 18 واں سیزن 22 مارچ سے شروع ہوگا۔ 

مزید خبریں :