11 مارچ ، 2025
بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر ردعمل سامنے آگیا۔
اتوار کو بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز اسکور کیے۔
بھارت نے ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
بھارتی آل راؤنڈر جڈیجا نے فاتحانہ رنز اسکور کرتے ہوئے بھارت کو تیسری چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جتوایا۔
اس جیت کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ جڈیجا ون ڈے فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیں گے، لیکن انہوں نے فوری طور پر ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان جھوٹی خبروں کو روکنے کے لیے، جڈیجا نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری پوسٹ کی۔
جس میں جڈیجا نے واضح طور پر لکھا کہ 'مہربانی کرکے کوئی غیر ضروری افواہیں نہیں، شکریہ'۔
واضح رہے کہ 36 سالہ آل راؤنڈر نے بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
جڈیجا نےچیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 30 رنز دیے جبکہ بیٹنگ میں ناقابل شکست 9 رنز بنائے۔