Time 11 مارچ ، 2025
دلچسپ و عجیب

ماں کے آئس کریم کھانے پر بچے نے پولیس کو طلب کرلیا

ماں کے آئس کریم کھانے پر بچے نے پولیس کو طلب کرلیا
پولیس اہلکار بچے کو آئس کریم دیتے ہوئے / فوٹو بشکریہ Mount Pleasant Police Department

کچھ کام ایسے ہوتے ہیں جو زندگی میں کبھی نہیں کرنے چاہیے جیسے کسی کی آئس کریم کو چرا کر کھانا۔

تو جب ایک 4 سالہ بچے کی ماں نے آئس کریم کو کھالیا تو اس بچے نے جو کیا وہ دنگ کر دینے والا ہے۔

امریکی ریاست وسکنسن کے علاقے ماؤنٹ Pleasant سے تعلق رکھنے والے 4 سالہ بچے نے ماں کو سبق سکھانے کے لیے 911 پر کال ملائی۔

911 کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو بچے کی جانب بھیجا گیا کیونکہ بچے نے فون پر کہا تھا کہ اس کی ماں کو قید کیا جانا چاہیے۔

بچے نے 911 آپریٹر کو کہا کہ 'میری ممی بہت بری ہیں'۔

آپریٹر نے پوچھا کہ 'ٹھیک ہے مگر ہوا کیا ہے؟ تو بچے نے کہا کہ یہاں آئیں اور میری ممی کو گرفتار کرلیں'۔

اس موقع پر بچے کی ماں نے فون لے لیا اور آپریٹر کو کہا کہ 'اوہ اس نے فون ملا دیا ہے یہ بس 4 سال کا ہے'۔

اس کے بعد ماں نے ہنستے ہوئے اعتراف کیا کہ 'میں نے بیٹے کی آئس کریم کھالی تھی تو شاید اسی لیے اس نے 911 سے رابطہ کیا'۔

آپریٹر نے پس منظرسے بچے کی آواز سنی جو غصے سے چلا رہا تھا۔

اس وجہ پولیس اہلکاروں کو بچے کے گھر بھیجا گیا تاکہ دیکھا جاسکے کہ آئس کریم کھانے کی بات کسی سنگین صورتحال کو چھپانے کا بہانہ تو نہیں۔

جب اہلکار وہاں پہنچے تو بچے نے تصدیق کی کہ ماں نے اس کی آئس کریم کھالی تھی اور مطالبہ کیا کہ ماں کو جیل بھیجا جائے۔

پولیس اہلکاروں کے مطابق مگر کچھ دیر بعد بچہ الزامات واپس لینے کے لیے رضامند ہوگیا اور کہا کہ وہ نہیں چاہتا کہ ماں کو سلاخوں کے کے پیچھے بھیجا جائے، وہ تو بس مزید آئس کریم چاہتا ہے۔

اس کے 2 دن بعد پولیس اہلکاروں نے بچے کو آئس کریم کے 2 اسکوپ دے کر حیران کر دیا۔

مزید خبریں :