Time 12 مارچ ، 2025
انٹرٹینمنٹ

’میری آنکھیں سوج گئی تھیں‘، اشنا شاہ کا کاسمیٹک سرجری کے خوفناک تجربے کا انکشاف

’میری آنکھیں سوج گئی تھیں‘، اشنا شاہ کا  کاسمیٹک سرجری کے خوفناک تجربے کا انکشاف
جو لوگ فلرز کے ذریعے اپنی شکلیں بدل دیتے ہیں مجھے اس سے مسئلہ ہے: اشنا شاہ/ فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے کاسمیٹک سرجری کا بدترین تجربہ مداحوں سے شیئر کرتے ہوئے آئندہ زندگی میں کبھی فلرز نہ کروانے کا عہد کیا ہے۔

حال ہی میں نجی ٹی وی پر کیے گئے  شو کے دوران میزبان  اداکارہ اشنا شاہ کی مہمان اداکارہ صرحا اصغر بنیں جس دوران اشنا نے  ماضی میں کروائے گئے ایک کاسمیٹک پروسیجر (فلرز) کا بدترین تجربہ شیئر کیا۔ 

دوران شو اداکارہ اشنا شاہ  نے بتایا کہ  ’جو لوگ فلرز کے ذریعے اپنی شکلیں بدل دیتے ہیں مجھے اس سے مسئلہ ہے، میں خود بھی ماضی میں  کاسمیٹک سرجری کے بدترین تجربے سے گزرچکی ہوں، اگرچہ میں نے کبھی اس تجربے کا ذکر میڈیا پر نہیں کیا‘ ۔

اشنا شاہ  نے بتایا کہ ’چونکہ مجھے نیند نہیں آتی  اور میں   دن بھر میں صرف ایک سے 2 گھنٹے سوتی ہوں جس کی وجہ سے میری آنکھوں کے نیچے سیاہ داغ بن گئے ہیں لہٰذا میں نے فلرز کروالیے،  ان فلرز کا رزلٹ  2 ، 3 مہینے  تک بہت اچھا رہا پھر ختم ہوگیا‘۔

اداکارہ کے مطابق ’جس کے بعد میں ایک سلون گئی اور وہاں  مجھے سلون نے ان ہی فلرز کی  پیشکش کی ، میں نے  پی آر پی کے ساتھ اسی سلون سے  فلرز کروالیے لیکن یہ فلرز میری جلد پر ری ایکشن کرگئے اور میری آنکھیں سوج گئیں‘۔

اشنا نے مزید بتایا کہ’ اس ری ایکشن کے بعد  سلون نے مجھے کہا کہ اب میں آنکھوں کا مساج کرتی رہوں  تو وہ سوجن ختم ہوجائے گی لیکن وہ ٹھیک نہیں ہوئی  اور مجھے ان فلرز کو ختم کروانا پڑا، ان فلرز کے ختم ہونے کے باوجود بھی مساج کی وجہ سے  میری آنکھوں کے نیچے ہمیشہ کیلئے داغ  رہ گئے، اب میری آنکھوں کے نیچے داغ اور برے ہوگئے ہیں اور یہ نشان  اب زندگی بھر رہیں گے‘۔

دوسری جانب اشنا شاہ  نے یہ بھی بتایا کہ ’میں نے حال ہی میں 20 پاؤنڈ وزن کم کیا ہے جس کی وجہ سے میرا چہرا بہت پتلا نظر آتا ہے لیکن لوگ مجھے کہتے ہیں کہ میں نے پلاسٹک سرجری یا بوٹوکس کرکے اپنی شکل بگاڑ لی ہے جس پر مجھے بے حد افسوس ہوتا ہے‘۔

مزید خبریں :