12 مارچ ، 2025
پاکستان کی سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات کو رمضان المبارک کے دوران ڈانس کی ویڈیو شیئر کرنا مہنگا پڑگیا۔
اداکارہ حنا بیات نے 10 مارچ کو سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہیں لندن کی سڑک پر بالی وڈ گانے ’لندن ٹھومکدا‘ پر ڈانس کرتے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں ایک آرٹسٹ کو لندن کی گلی میں بالی وڈ کا مشہور گانا ’لندن ٹھومکدا‘ گاتے ہوئے دیکھا گیا جب کہ اداکارہ سمیت دیگر مردو خواتین کو اس گانے پر ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ حنا بیات نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’ جب کوئی آرٹسٹ آپ کو پہچان لے اور آپ سے اپنی پرفارمنس میں شامل ہونے کی درخواست کرے‘۔
حنا خواجہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کو دوران رمضان سڑکوں پر رقص کرتے دیکھ بھڑک اٹھے اور شدید تنقید کا نشانہ بناڈالا۔
کچھ صارفین نے اداکارہ کی ویڈیو کی تعریف بھی کی جس پر اداکارہ نے انہیں شکریہ ادا کیا جب کہ منفی تبصرہ کرنے والوں کو سخت جواب دیے بغیر اپنا بھرپور دفاع کیا۔
اداکارہ نے اپنی ویڈیو پر ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ میں جانتی ہوں ایک آرٹسٹ کے کام کو سراہا جائے تو اسے کتنی خوشی ہوتی ہے، بس صرف اسی لیے میں نے ایسا کیا، خوشیاں بانٹنے سے بڑھتی ہیں اور جو یہ بات نہیں سمجھتے ہمیشہ پریشان رہتے ہیں، اس لیے اپنی سوچ کو مثبت رکھیں اور ہمیشہ خوش رہیں‘۔
دوران رمضان شیئر کیے جانے کے باوجود اداکارہ کی ویڈیو کے حوالے سے یہ واضح نہیں کہ ویڈیو نئی ہے یا پرانی۔