Time 12 مارچ ، 2025
صحت و سائنس

100 سے زائد دنوں تک مکمل مصنوعی دل کے ساتھ زندہ رہنے والا دنیا کا پہلا شخص

100 سے زائد دنوں تک مکمل مصنوعی دل کے ساتھ زندہ رہنے والا دنیا کا پہلا شخص
اس مصنوعی دل کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا تھا/ فوٹو بشکریہ BiVACOR

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والا ایک شخص دنیا کا پہلا ایسا فرد بن گیا جو مکمل مصنوعی دل کے ٹرانسپلانٹ کرانے کے بعد 100 دنوں تک اس کے ساتھ زندہ رہا۔

آسٹریلین محققین نے 12 مارچ کو اعلان کیا کہ ٹرانسپلانٹ کی آزمائش بہت زیادہ کامیاب رہی۔

وہ مریض 100 سے زائد دنوں تک مکمل مصنوعی دل کے ساتھ زندہ رہا اور مارچ کے آغاز میں انسانی دل اس کے جسم میں ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔

اس مصنوعی دل کو BiVACOR کا نام دیا گیا ہے جسے کوئینز لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ڈینئیل ٹنز نے تیار کیا ۔

یہ روٹری بلڈ پمپ سے لیس دنیا کا پہلا ایسا مصنوعی دل ہے جو کہ انسانی دل کے حقیقی متبادل کے طور پر کام کرسکتا ہے۔

اس میں magnetic levitation ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو کہ صحت مند دل کے قدرتی خون کے بہاؤ کی نقل کرتی ہے۔

مصنوعی دل کا ٹرانسپلانٹ کلینیکل تحقیق کے ابتدائی مرحلے کے طور پر کیا گیا۔

یہ تحقیق ہارٹ فیلئیر کے ایسے مریضوں پر کی جارہی ہے جن کا مرض آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور دل جسم میں خون پہنچانے میں ناکام ہوچکا ہے۔

اس ٹرانسپلانٹ کا مقصد مریض کو اس وقت تک زندہ رکھنا ہے جب اسے کسی ڈونر سے دل نہیں مل جاتا، مگر محققین طویل المعیاد بنیادوں پر اسے ایسی ڈیوائس بنانا چاہتے ہیں جس کے استعمال کے بعد دل کے ٹرانسپلانٹ کی ضرورت باقی نہ رہے۔

جس مریض کے جسم میں اس مصنوعی دل کو نصب کیا گیا اس کی عمر 40 سال سے زائد تھی اور وہ نیو ساؤتھ ویلز سے تعلق رکھتا تھا۔

ہارٹ فیلئیر کے اس مریض کا مرض سنگین ہوچکا تھا اور اس نے مصنوعی دل کے تجربے کے لیے اپنا نام پیش کیا تھا۔

اس سے قبل امریکا میں بھی 5 افراد  میں اس طرح کا ٹرانسپلانٹ گزشتہ سال کیا گیا تھا جن کے جسموں میں حقیقی انسانی دل کا ٹرانسپلانٹ 27 دنوں میں کیا گیا۔

آسٹریلیا کے مریض میں مصنوعی دل کا ٹرانسپلانٹ نومبر میں ہوا جس کے بعد فروری میں اسے اسپتال سے اس ڈیوائس کے ساتھ ہی ڈسچارج کر دیا گیا۔

مارچ کے شروع میں حقیقی دل کا ٹرانسپلانٹ ہوا۔

محققین نے بتایا کہ ہم اس لمحے کے لیے برسوں سے کام کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مصنوعی دل ہارٹ فیلئیر کے علاج کو دنیا بھر میں بدل کر رکھ دے گا۔

مزید خبریں :