آن لائن شیئر کیے گئے ویڈیو کلپس کو مومنہ اقبال کے 29 اگست 2022 کو کراچی میں قائم آن لائن Fuchsia Magazine کو دیئے گئے انٹرویو سے ایڈٹ کیا گیا ہے۔
13 مارچ ، 2025
پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ مومنہ اقبال کے ایک ویڈیو کلپ، جس نے 13 ملین سے زیادہ آراء حاصل کی ہے، یہ ویڈیو اس دعویٰ کے ساتھ گردش کر رہی ہے کہ مومنہ اقبال نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کے خاندان والوں کو جب معلوم ہوا کہ وہ ٹرانس جینڈر ہیں تو انہیں گھر سے نکال دیا گیا۔
دعویٰ غلط ہے۔ مومنہ اقبال نے اپنی صنفی شناخت یا ان کی والدہ کی جانب سے گھر سے نکالے جانے کے بارے میں بیان نہیں دیا۔
ایکس (جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا) پر ایک صارف نے پوسٹ کیا: ”مومنہ اقبال بہت اچھی ایکٹریس ہے اور عہد وفا میں بہت اچھا کردار ادا کیا آج پتہ چلا وہ خواجہ سرا ہے دل میں عزت اور بڑھ گئی۔“
اس پوسٹ کے ساتھ پورے انٹرویو میں سے ایک منٹ کا ویڈیو کلپ لگایا گیا جس میں صارف نے دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال نے ویڈیو میں کہا:” میں خواجہ سراء ہوں، جب امی کو پتہ چلا تو اس نے مجھے گھر سے نکال دیا، مومنہ اقبال رو پڑی۔“
اسی طرح کے دعوے فیس بک اور ٹک ٹاک پر بھی شیئر کیے گئے۔
مومنہ اقبال نے زیر گردش انٹرویو میں اپنی جنس یا اپنے خاندان کے بارے میں ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔
آن لائن شیئر کیے گئے ویڈیو کلپس مومنہ اقبال کے 29 اگست 2022 کو کراچی کے آن لائن میگزین Fuchsia Magazine کو دیئے گئے انٹرویو سے ایڈٹ کیے گئے ہیں۔ جیو فیکٹ چیک نے مکمل انٹرویو کو دیکھا، جو میگزین کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔
ایک گھنٹہ طویل انٹرویو کے کسی بھی موقع پر مومنہ اقبال نے اپنی صنفی شناخت پر بات نہیں کی اور نہ ہی یہ دعویٰ کیا کہ اس کے خاندان نے اسے یہ معلوم ہونے پر گھر سے نکال دیا۔
جو حصہ آن لائن شیئر کیا جا رہا ہے وہ انٹرویو کے دوران ہونے والی گفتگو میں سے لیا گیا ہے، جہاں انٹرویو لینے والی نے مومنہ اقبال سے ان کے خدا پہ یقین کے بارے میں پوچھا۔ مومنہ اقبال نے جواب میں خدا کا شکر ادا کیا اور اپنے اور اپنے خاندان کے ایمان کے بارے میں بتایا۔
انٹرویو میں ٹائم اسٹیمپ 49:30 پر اس گفتگو کو سنا جا سکتا ہے۔
فیصلہ: دعویٰ غلط ہے۔ انٹرویو میں مومنہ اقبال نے کہیں بھی خواجہ سراء ہونے کا ذکر نہیں کیا اور نہ ہی یہ بیان دیا کہ ان کی والدہ نے اسے یہ معلوم ہونے پر گھر سے نکال دیا۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔