13 مارچ ، 2025
طورخم سرحدکشیدگی کے خاتمےکے لیے پاکستانی اور افغان جرگہ کے درمیان رابطے دوبارہ بحال ہوگئے۔
پاکستانی جرگہ کے سربراہ سید جواد حسین کاظمی نے جیونیوز کو انٹرویو دیتے ہوئےکہا کہ گزشتہ روز افغان جرگہ کے ساتھ طورخم سرحدکشیدگی کے خاتمے پر ڈیڈلاک پیدا ہوا تھا، افغان جرگہ کے تحفظات تھےکہ پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ جرگہ لسٹ میں بغیر مشاورت اور یکطرفہ طور پر ردوبدل کیاگیا ہے جس میں 50 سے زائد غیر متعلقہ افراد کو شامل کیا گیا۔
سید جواد حسین کاظمی نے کہا کہ افغان جرگہ کے تحفظات کو ختم کرکے جرگہ ممبران لسٹ سے غیر متعلقہ افراد کو نکال دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 50 رکنی جرگہ ممبران کی نئی لسٹ افغان جرگہ کو آج فراہم کی جس پر افغان جرگہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
سید جواد حسین کاظمی نے مزید کہا کہ مذاکراتی نشست کے لیے وقت کا تعین اب افغان جرگہ نے کرنا ہے، امید ہے کہ ایک دو روز میں فریقین کی نشست کا انعقاد ہوجائےگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرگہ مذاکرات کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم سرحد پر فائز بندی کا معاہدہ برقرار رہےگا۔
واضح رہے کہ 20 روز قبل طورخم سرحد کے متصل افغان فورسز کی طرف سے تعمیرات پر کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور کشیدگی کے باعث طورخم سرحدی گزرگاہ ہرقسم آمدورفت کےلیے بند کردی گئی تھی۔