14 مارچ ، 2025
کیا آپ جانتے ہیں کہ بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی ماضی کی سپر ہٹ فلم ممبئی جیسے بڑے شہر میں سیکڑوں شادیاں ملتوی ہونے کی وجہ بنی تھی؟
یہ وہ فلم ہے جسے دورِ حاضر میں بھی مداح فراموش نہیں کرسکے، ایسی فلمیں شاز و نادر ہی بنائی جاتی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے لیلیٰ بھنسالی کی ہدایتکاری میں بننے والی 2001 کی فلم دیوداس جس کی پروڈکشن اتنی بڑی تھی کہ اس کے لیے پورے ممبئی شہر کے جنریٹرز کو کرائے پر بُک کرلیا گیا تھا اور یہ وجہ تھی کہ ممبئی میں سیکڑوں شادیوں ملتوی کرنا پڑی تھیں۔
آخر یہ ماجرا کیا تھا؟
اس بات کا انکشاف فلم کے سنیماٹوگرافر بنود پردھان نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کیا، انہوں نے بتایا کہ فلم کی پروڈکشن میں انہیں کس طرح کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
سنیماٹوگرافر کے مطابق فلم میں صرف چندر مُکھی کا کوٹھا ایک کلومیٹر کے رقبے پر بنایا گیا تھا جس کو دیکھ کر ہمارے ہوش اُڑ گئے تھے اور ہماری ٹیم سوچ رہی تھی کہ آخر اس پوری فلم کے لیے لائٹنگ کا انتظام کیسے کیا جائے گا؟
انہوں نے بتایا کہ کوٹھے پر انہوں نے ہزاروں 100 واٹ کے بلب لگائے تب جا کر اُمید کے مطابق لائٹنگ مکمل ہوئی اور اس کے لیے انہیں ممبئی کے تمام دستیاب جنریٹرز کو بُک کرنا پڑا تھا، فلم کی عکسبندی کے باعث ممبئی میں جنریٹرز کی قلت ہوگئی تھی اور یہی وجہ تھی کہ متعدد شادیاں ملتوی ہوئیں کیونکہ شادیوں میں جنریٹرز کی ضرورت ہوا کرتی تھی۔
واضح رہے کہ بلاک بسٹر فلم دیوداس 50 کروڑ کے بجٹ پر بنائی گئی تھی اور اس وقت کی سب سے مہنگی بھارتی فلم تھی، اس فلم کے مرکزی کرداروں میں شاہ رخ خان (دیوداس)، ایشوریا رائے (پارو) اور مادھوری ڈکشت (چندر مکھی) تھیں، اس کے علاوہ جیکی شروف اور کرن کھیر بھی فلم کا حصہ تھیں۔