15 مارچ ، 2025
گلگت بلتستان میں نایاب چار برفانی تیندووں کی ایک ساتھ موجودگی نے سب کو حیران کردیا۔
سینٹرل قراقرم نیشنل پارک انتظامیہ کی جانب سے تیندووں کی ویڈیو جاری کردی گئی جس میں مادہ اور اس کے تین بچوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
سینٹرل قراقرم نیشنل پارک انتظامیہ نے واقعے کو حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی صحت کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا کہ برفانی تیندوے عام طور پر چھپ کر رہنے والے جانور ہوتے ہیں، تیندووں کا اس طرح نظر آنا غیرمعمولی واقعہ ہے۔
برفانی تیندوے کی ویڈیو وائلڈ لائف واچر سخاوت علی نے بنائی ہے۔
سخاوت علی کا کہنا ہےکہ میں 14 سال سے وائلڈ لائف کنزرویشن پرکام کر رہا ہوں، گلگت بلتستان میں جنگلی حیات کی آبادی بڑھ رہی ہے، جس کی مثال چار برفانی تنیدووں کا نظر آنا ہے۔
سخاوت علی نے بتایا کہ یہ ویڈیو میں نے اپنے گھر سے 500 میٹر کے فاصلے سے بنائی ہے، ویڈیو بنانےکے لیے میں تیندووں کے مزید 100 سے 200 میٹر قریب گیا۔
خیال رہےکہ برفانی تیندوا (Snow Leopard) دنیا کے نایاب اور معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں میں شامل ہے۔
ماہرن کے مطابق عالمی ادارے اسے تحفظ فراہم کرنےکے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔گلگت بلتستان میں ان کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہےکہ مقامی ماحولیاتی نظام اب بھی ان کی بقا کے لیے موزوں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ برفانی تیندووں کی موجودگی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کے قدرتی ماحول کا تحفظ کیا جائے اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔