13 مارچ ، 2025
کراچی: جامعہ این ای ڈی میں ورلڈ بینک کے تعاون سے قائم کردہ سینٹر فار سوشل انوارمنٹل سسٹینیبلٹی کا افتتاح کیا گیا جس کے تحت معاشرت و ماحول سے متعلقہ تربیت کی فراہمی کو ممکن بنایا جاۓ گا۔
سینٹر کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوۓ شیخ الجامعہ این ای ڈی ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ سینٹر فار سوشل انوارمنٹل سسٹینیبلٹی کے قیام کا مقصد مختلف اسٹیک ہولڈرز کی ماحول و معاشرت کے حوالے سے کیپسٹی بلڈنگ کرنا ہے۔
شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی نے کہا کہ اس سینٹر کے تحت متعلقہ افسران سمیت فیکلٹی ممبران اور طالب علموں کو بھی تربیت فراہم کی جاۓ گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوۓ ورلڈ بینک کے نمائندگان اور ڈین ای سی ای ڈاکٹر سعد احمد قاضی کا کہنا تھا کہ انوارمنٹل سوشل فریم ورک(ای ایس ایف) اور انوارمنٹل سوشل گورننس(ای ایس جی) کے بین الاقوامی فریم ورک کو مدنظر رکھتے ہوۓ اس سینٹر کے تحت پروجیکٹس کرنے کی تربیت دی جاۓ گی جس سے ماحول کی بہتری ممکن ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلقہ آباد کاری و بحالی (Resettlement and Rehablitation) آر اینڈ آر پالیسی کے مؤثر نفاذ کی 4 روزہ تربیتی نشست کا انعقاد اسی سینٹر کے تحت کیا گیا تھا، یہ خصوصی تربیتی پروگرام پروجیکٹ کوآرڈینیشن اینڈ مانیٹرنگ یونٹ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ، حکومت سندھ اور این ای ڈی یونیورسٹی کے سینٹر آف انوائرمنٹل اینڈ سوشل سسٹینیبلٹی کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔ جس میں 55 افسران کو تربیت دی گئی۔
اس کی دوسری تربیتی نشست 10 اور 11 مارچ کو نئی بلڈنگ میں منعقد کی جارہی ہے، اس موقع پر پریکٹس مینجر سوشل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ Anna C.O'Donnell اور پریکٹس مینیجر انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کرسٹین البرٹ پیٹر، ڈین ڈاکٹر نعمان احمد، ورلڈ بینک کے عمران الحق اور ڈائریکٹر سینٹر فار سوشل انوارمنٹل سسٹینیبلٹی ڈاکٹر محمد احمد نے بھی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔