15 مارچ ، 2025
پاکستان نے ایک تاریخی فتح حاصل کرتے ہوئے ڈیوس کپ جونیئرز 2025 جیت لیا۔
ٹیم پاکستان نے ڈیوس کپ جونیئرز 2025 کے آخری دن شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کے خلاف 2-1 سے دلچسپ فتح حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اس تاریخی جیت کے ساتھ، پاکستان پوری چیمپئن شپ میں ناقابل شکست رہا اور قومی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی صلاحیتوں، عزم اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔
اس فتح کی وجہ سے، پاکستان نے اب ITF ایشیا/اوشیانا ڈیوس کپ جونیئرز کوالیفائنگ ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جو قازقستان میں 19-24 مئی 2025 کو شیڈول ہے، اس ایلیٹ مقابلے میں ایشیا اور اوشیانا کی ٹاپ 16 ٹیمیں عالمی گروپ میں جگہ کے لیے مقابلہ کریں گی۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) کے صدر اعصام الحق نے ٹیم کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے انتہائی فخر کا لمحہ قرار دیا۔
انہوں نے کھلاڑیوں میکائیل علی بیگ، ابوبکر طلحہ اور حمزہ رومان کے ساتھ کپتان شہزاد خان کو ان کی لگن اور عزم کے لیے سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عالمی ٹینس اسٹیج پر پاکستان کا پرچم بلند ہو رہا ہے۔
اعصام الحق کا کہنا تھا پاکستانی ٹیم 2023 میں 16 میں سے 16 ویں اور 2024 میں 16 میں سے 5 ویں نمبر پر رہی جبکہ اس سال پاکستان نے چیمپئن شپ جیت کر ایک تاریخی سنگ میل حاصل کیا جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ ملک کی ٹینس کامیابی کی راہ پر گامزن ہے۔