16 مارچ ، 2025
لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کے لیے اتھارٹی قائم کردی گئی، نواز شریف لاہور اتھارٹی فار ہیریٹج ریوائیول کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے۔
لاہور میں صدر مسلم لیگ ن نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تاریخی ورثےکی بحالی اور اسے محفوظ کرنے کے لیے لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریوائیول LAHR ( لہر ) قائم کردی گئی، نواز شریف اتھارٹی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے۔
صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تجاوزات کے متاثرین کو کاروبار کے لیے متبادل جگہ دینے اور انہیں معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لاہور کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جانا ضروری ہے، یورپ نے اپنے شہروں کو صدیوں بعد بھی پرانی شکل میں بحال رکھا، لاہور کی قدیمی اور تاریخی حیثیت بحال کرنے سے ملک بھر کے لوگ محظوظ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ جگہ جگہ تجاوزات سے شہروں کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دیں گے، عوام میں شہریت کا شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے، لاہور کے تاریخی دروازوں کو قدیمی شکل میں بحال کیا جائےگا۔
اجلاس میں لاہور میں ہیریٹج ایریاز کی بحالی کے لیے شہر کو 6 زونز میں تقسیم کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں شاہی قلعہ،جہانگیر اور نور جہاں کے مقبرے ، شالا مار باغ، کامران کی بارہ دری کی تزئین نو جبکہ شاہ عالم مارکیٹ تا بھاٹی گیٹ تک پیدل گزرگاہ بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔