Time 17 مارچ ، 2025
کاروبار

نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی کے باوجود سولر لگانے والے 4 سال میں اپنا پیسہ وصول کرلیں گے: وفاقی وزیر

وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے  دعویٰ کیا ہے کہ سولر نیٹ میٹرنگ کی نئی پالیسی کے باوجود سولر لگانے والے ساڑھے تین سے چار سال میں اپنا پیسہ وصول کرلیں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھاکہ حکومت شمسی توانائی کی حوصلہ شکنی نہیں کررہی، سولر سے ہر سال 1200 میگاواٹ بجلی پیداوار کی امید ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایکسپورٹ سولر یونٹ پر ٹیکس نہیں لگے گا، مفتاح اسماعیل لاعلم ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اویس لغاری کا کہنا تھاکہ نئی پالیسی کے بعد نیٹ میٹرنگ میں کمی نہیں اضافہ ہوگا، سولر نیٹ میٹرنگ کی نئی پالیسی کے باوجود سولر لگانے والے ساڑھے تین سے چار سال میں اپنا پیسہ وصول کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ یونٹس پر ٹیکس نہيں لگے گا لیکن گرڈ سے خریدی گئی بجلی پر ٹیکس لگے گا۔

وفاقی وزیر کے مطابق آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کرکے 400 ارب روپے سالانہ کا بوجھ کم کردیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر صارفین سے خریدی جانے والی بجلی کی قیمت کم کردی۔ نئے سولر صارفین سے بجلی 27 روپے کے بجائے 10 روپے فی یونٹ خریدی جائے گی تاہم اس فیصلے کا اطلاق پہلے سے موجود صارفین پر نہیں ہوگا۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق سولر صارفین سے بجلی 10 روپے فی یونٹ میں خریدنے کا فیصلہ مارکیٹ کے حالات کے مطابق کیا گیا۔

مزید خبریں :