17 مارچ ، 2025
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسکول ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دے کر تعلیم کا نظام مزید بہتر پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایجوکیشن میں گورننس، معیار اور بچوں کی اسکول تک آسان رسائی ہونی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اسکول ایجوکیشن سے متعلق اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم کے تمام ڈپارٹمنٹس کو ڈیجیٹلائزکیا جائے گا، اساتذہ اور طلبہ حاضری کی چہرے کی شناخت کے ساتھ ڈیجیٹلائز ہوگی، ہر ہیڈماسٹر کو براہ راست فنڈز دیے جائیں گے تاکہ اسکول بہتر کر سکیں اور نئے مالی سال سے براہ راست ڈی ڈی او پاور دیے جائیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام اسکولوں کا اپنا بجٹ ہوگا اور وہ خود خرچ کر سکیں گے، مڈل اسکول کا ریشو پرائمری اسکولوں کی مناسبت سے کیا جائے، لڑکیوں کی انرولمینٹ بڑھ رہی ہے جو اچھی صورتحال ہے۔
وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کو انتظامی اختیارات دے رہے ہیں، پرائمری اسکول 36300 اور ایلیمینٹری اسکول 2600 ہیں، طلبہ کی کل انرولمنٹ 5.2 ملین ہے، 3.09 ملین بوائز اور 2.12 ملین گرلز شامل ہیں، 7.8 ملین بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
سردار شاہ نے کہا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے 4089 اسکولوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ غیرضروری اسکول انتظامیہ ختم کرنے کیلئے کام جاری ہے۔