Time 19 مارچ ، 2025
پاکستان

اسلام آباد میں 5 سال میں احتجاج سے نمٹنے کیلئے سرکار کو 1ارب 35 کروڑ سے زائد خرچ کرنا پڑے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5 سال میں احتجاج سےنمٹنے کیلئے سرکار کو  ایک ارب 35 کروڑ 58 لاکھ روپے سےزائد خرچ کرنا پڑے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرکے ممبر عبدالقادر پٹیل کی سربراہی میں ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحریری جوابات ایوان میں دیے اور اسلام آباد میں احتجاج اور مظاہرین سے نمٹنے پر گزشتہ 5سالوں کے اخراجات کی تفصیلات ایوان میں پیش کیں۔

وزیر داخلہ نے بتایاکہ سال 20-2019 میں اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے پر 15 کروڑ 77 لاکھ روپے سے زائد  اور سال 21-2020 میں اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے  پر 9 کروڑ 61 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سال 22-2021 میں اسلام آباد میں احتجاجوں سے نمٹنے پر 27 کروڑ 79 لاکھ 48 ہزار روپےاخراجات آئے جبکہ سال 23-2022 میں اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے پر 72 کروڑ 40 لاکھ 31 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ سال 24-2023 میں اسلام آباد میں احتجاج سےنمٹنے پر 10کروڑ روپے اخراجات آئے۔

دستاویز کے مطابق 5 سالوں میں اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے کیلئے سرکار کو ایک ارب 35 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد خرچ کرنا پڑے۔

مزید خبریں :