20 مارچ ، 2025
کراچی میں سینئر صحافی فرحان ملک کو ایف آئی اے نے پیکا قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
سینئر صحافی اور نجی ٹی وی چینل کے سابق ڈائریکٹر نیوز اور سوشل میڈیا چینل کے چیئرمین فرحان ملک کو ایف آئی اے سائبر سرکل نے گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق فرحان ملک پر ایک کیس سے متعلق انکوائری جاری تھی جس کی وجہ سے انہیں متعدد بار ایف آئی اے سائبر کرائم نے طلب کیا تھا، فرحان ملک سمن ملنے کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم کے دفتر دوپہر ایک بجے پہنچے تھے جہاں انہیں انتظار کرانے کے بعد شام چھ بجے ایف آئی اے نےگرفتارکرلیا۔
سوشل میڈیا چینل کی انتظامیہ نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔
صحافتی اداروں اور تنظیموں نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فرحان ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔