21 مارچ ، 2025
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے شہری مسائل کی رپورٹنگ کے لیے پورٹل بنانے کی ہدایت کر دی جبکہ روڈ کٹنگ کی منظوری صرف میئر اور کمشنر کراچی دے سکیں گے۔
جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں میں صوبائی وزرا، میئرکراچی اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں نکاسی آب، غیر قانونی تجاوزات، سڑکوں کی کٹائی، صفائی، سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ جیسے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کراچی کے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کی بہتری کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے نشاندہی کی کہ شہر کے 3 اضلاع میں سڑکوں کی کٹائی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ان میں سے کئی سڑکیں حال ہی میں تعمیر کی گئی تھیں۔
انہیں آگاہ کیا گیا کہ مقامی ٹاؤنز نے اپنے علاقوں میں روڈ کٹنگ کی اجازت دی تھی۔ جس پر وزیراعلیٰ نے فیصلہ کیا کہ آئندہ روڈ کٹنگ کی اجازت صرف میئر اور کمشنر کراچی دیں گے۔
مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو شہری مسائل کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ سی ایم ہاؤس میں ایک خصوصی ’’کراچی ایشوز پورٹل‘‘ بنایا جائے گا جہاں اسسٹنٹ اور ڈپٹی کمشنرز کو نکاسی آب، تجاوزات اور صفائی سے متعلق رپورٹس اَپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت دی کہ سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور عید کی خریداری کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے میئر کراچی کو ہدایت دی کہ وہ سال کے اختتام تک چار بڑی مارکیٹوں اور ان کے اطراف کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کریں اور شہر میں نشست گاہیں تعمیر کریں۔