21 مارچ ، 2025
بھارت کی امیر ترین شخصیات اور مہنگے ترین گھروں کا ذکر ہو تو مکیش اور نیتا امبانی کا نام ذہن میں آتا ہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں بھارت میں ایک ایسی خاتون بھی ہیں جن کے گھر کے سامنے مکیش امبانی کا انٹیلیا معمولی سا لگتا ہے کیوں کہ اس خاتون کا گھر برطانوی محل بکنگھم پیلس سے بھی 4 گنا بڑا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ خوبصورت اور مہنگا ترین گھر بھارت کی ترقی پسند مہارانیوں میں شامل رادھیکا راجے گائیکواڑکی ملکیت ہے جس کی شادی بڑوداکے مہاراجہ اور گائیکواڑ خاندان کی شاہی اولاد سمرجیت سنگھ گائیکواڑ سے ہوئی۔
شادی کے بعد یہ جوڑا شاہی ورثے کی علامت اور شاندار لکشمی ولاس پیلس (بڑودا پیلس ) میں رہائش پذیر ہوا جس کی قیمت اس وقت تقریباً 25ہزار کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔
لکشمی ولاس پیلس کو دنیا کی سب سے مہنگی نجی رہائشگاہ تسلیم کیا جاتا ہے جو کہ برطانوی محل بکنگھم پیلس سے چار گنا بڑی ہے یہاں تک کہ اس کے مقابلے میں مکیش امبانی کے اینٹیلیا کو معمولی تسلیم کیا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گائیکواڑ خاندان 1700 کی دہائی میں بڑودا پر حکومت کرچکا ہے سمرجیت سنگھ گائیکواڑ شاہی خاندان کی نسبت سے ہونے کے ساتھ ساتھ بھارت کے سابق کرکٹر اور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں جنہوں نے رانجی ٹرافی میں ریاست کی نمائندگی کی، 2013 میں گائیکواڑ خاندان کا یہ شاہی ورثہ تصفیے کے طور سمرجیت سنگھ گائیکواڈ اور ان کی اہلیہ کے حصے میں آیا تب سے وہ اور رادھیکاراجے اپنے خاندان کے ساتھ اس محل میں رہ رہے ہیں۔
دوسری جانب رادھیکاراجے گائیکواڑ کا تعلق ونکانیر کے شاہی خاندان سے ہے وہ ڈاکٹر ایم کے رنجیت سنگھ جھالا کی بیٹی ہیں۔
بھارتی شہر وڈوڈارا میں قائم لکشمی ولاس محل 1890 میں گائیکواڑ شاہی خاندان کے مہاراجہ سیاجی راؤ گائیکواڑ III نے تعمیر کروایا تھا، اس شاندار محل کی تعمیر پر اس وقت تقریباً 25لاکھ بھارتی روپے کی لاگت آئی ہے۔
700 ایکڑ پر پھیلے ہوا 4 منزلہ محل 170 خوبصورت کمروں پر مشتمل ہے جو مہاراجہ اور مہارانی کے خصوصی استعمال کے لیے تعمیر کیے گئے تھے۔ اس محل کے چاروں اطراف خوبصورت باغات ہیں، یہی نہیں اس محل میں گھوڑے کا ایک وسیع عریض اسطبل ، ایک سوئمنگ پول اور ایک نجی گولف کورس سمیت موتی باغ محل، مہاراجہ فتح سنگھ میوزیم، اور بینکوئٹس اور کنونشن جیسی شاہی عمارتیں بھی قائم ہیں۔
اگرچہ گائیکواڑ خاندان کی مجموعی مالیت کا سرکاری طور پر اندازہ نہیں لگایا جاسکا ہے تاہم رپورٹس اس خاندان کی مجموعی مالیت 20 ہزار کروڑ بتاتی ہیں۔