Time 23 مارچ ، 2025
پاکستان

معاشی استحکام حاصل کرلیا، نظام کی درستگی کا عمل جاری ہے: وزیراعظم

معاشی استحکام حاصل کرلیا، نظام کی درستگی کا عمل جاری ہے: وزیراعظم
 قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے اصولوں پر عمل کرکے ملک کو ترقی یافتہ، عظیم فلاحی مملکت بنائیں گے: وزیر اعظم شہباز شریف۔ فوٹو فائل

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے، ادارہ جاتی اصلاحات اور نظام کی درستگی کا عمل جاری ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پارلیمان، عدلیہ اور انتظامیہ اپنے آئینی امور کی انجام میں مصروف ہیں، حکومت نے شبانہ روز محنت سے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے، ادارہ جاتی اصلاحات اور نظام کی درستگی کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر ہم اپنے اسلاف اور مشاہیر کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، قرار داد پاکستان لازوال عہد کی تابندہ دستاویز ہے، آج پاکستان خود مختار مملکت اور ہم ایک آزاد قوم ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان کے قابل شہری ہر شعبہ زندگی میں اپنی محنت سے نئے جہان آباد کر رہے ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس، رینجرز اور ایف سی بےمثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا آئیں! عہد کریں کہ قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لیے دن رات محنت کریں گے، قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے اصولوں پر عمل کرکے ملک کو ترقی یافتہ، عظیم فلاحی مملکت بنائیں گے۔

مزید خبریں :