Time 23 مارچ ، 2025
دلچسپ و عجیب

وہ یورپی خطہ جو وہاں رہائش اختیار کرنے والے افراد کو کروڑوں روپے دے گا

وہ یورپی خطہ جو وہاں رہائش اختیار کرنے والے افراد کو کروڑوں روپے دے گا
ترینتینو کا ایک قصبہ / فوٹو بشکریہ Carlo Baroni  

اٹلی کے متعدد علاقوں میں چند سو یا ہزار روپوں میں گھروں کو فروخت کیا جارہا ہے۔

مگر اٹلی کا ایک خوبصورت خطہ ایسا بھی ہے جو وہاں منتقل ہونے پر آپ کو پیسے دینے کے لیے تیار ہے۔

جی ہاں واقعی شمالی اٹلی کے خطے ترینتینو میں منتقل ہونے والے افراد کو ایک لاکھ یورو (3 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) دیے جائیں گے۔

اس خطے کے 33 قصبوں کو اس منصوبے کا حصہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے اور وہاں منتقل ہونے کے خواہشمند افراد کو کم از کم 10 سال تک رہنا ہوگا، ورنہ انہیں رقم واپس کرنا ہوگی۔

اٹلی کے بیشتر خطے ایسے ہیں جہاں نوجوان افراد کی آبادی نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے نتیجے میں وہاں کی معیشت اور سماجی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

جنوبی اٹلی میں اس کا حل ایک ڈالر میں گھر فروخت کے منصوبوں کی شکل میں نکالا گیا ہے مگر ترینتینو میں منفرد حکمت عملی کو اختیار کیا گیا ہے۔

وہاں کی مقامی حکومت نے اگلے 2 برسوں میں اس منصوبے کے لیے ایک کروڑ یورو مختص کیے گئے ہیں۔

حکومت کو توقع ہے کہ اس منصوبے سے خطے میں تعمیراتی صنعت اور سپلائی چین کو فائدہ ہوگا اور معیشت بہتر ہوگی۔

اس منصوبے کے تحت وہاں منتقل ہونے والوں کو 80 ہزار یورو معاوضہ اور 20 ہزار یورو گھروں کی تزئین نو کے لیے دیا جائے گا۔

ہر فرد 3 جائیدادیں خرید سکے گا، اس سے زیادہ کی اجازت نہیں ہوگی۔

45 سال سے کم عمر افراد جو اس خطے میں پہلے سے مقیم ہوں گے، انہیں اس پروگرام میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ منصوبہ خالی گھروں کو بھرنے کے لیے ہے اور اس کے لیے ایسے افراد کو اجازت دی جائے گی جو پہلے سے اٹلی کے دیگر خطوں کے رہائشی ہوں گے یا بیرون ملک مقیم ہوں گے۔

منصوبے میں جن 33 قصبوں کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، ان کی جانب سے حتمی منظوری آئندہ چند ہفتوں میں دیے جانے کا امکان ہے۔

یہ سب ایسے قصبے ہیں جہاں آبادی کم ہونے کے باعث ان کے ختم کا خطرہ بڑھ چکا ہے اور وہاں خالی گھروں کی تعداد آباد گھروں سے زیادہ ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ اٹلی کے مختلف خطوں میں آبادی کی کمی کے باعث اکثر اس کے پروگرام سامنے آتے رہتے ہیں۔

جون 2024 میں اٹلی کے خطے تسکانی کے دیہی علاقوں میں آکر بسنے والے افراد کو 30 ہزار یورو تک (لگ بھگ 90 لاکھ پاکستانی روپے) دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اسی طرح 2024 میں سسلی کے قصبے Sambuca di Sicilia میں 3 یورو میں گھر فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے۔

نومبر 2022 میں اٹلی کے قصبے Presicce میں آکر بسنے والے افراد کو 30 ہزار یورو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

2022 میں ہی اٹلی کے جزیرے سارڈینیا کی جانب سے وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے پر فی کس 15 ہزار یورو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :