23 مارچ ، 2025
12 ممالک میں سائیکل کے ذریعے تنہا سفر کرنے والی 66 سالہ خاتون نے پوری دنیا گھومنے کا فیصلہ کرلیا۔
چین سے تعلق رکھنے والی 66 سالہ ڈونگ جو نے حالیہ برسوں میں سائیکل پر 3 براعظموں کے 12 ممالک کی سیر کی ہے۔
ان ممالک میں کمبوڈیا، فرانس اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں اور اب انہوں نے مزید 88 ممالک گھومنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ 'میرا مقصد کم از کم 100 ممالک کا دورہ کرنا ہے، سفر ایک نشے کی طرح ہے، جو ایک بار اسے چکھ لے، خود کو روک نہیں سکتا'۔
ایڈونچر پسند ہونے کے باوجود ڈونگ جو کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔
وہ صرف چینی زبان بول سکتی ہیں اور دیگر ممالک میں رابطے کے لیے زبانیں ترجمہ کرنے والی ایپس پر انحصار کرتی ہیں۔
ان کا سفری بجٹ بھی محدود ہے اور اکثر وہ پارکس یا قبرستانوں میں قیام کرتی ہیں یا ان اجنبی افراد کے گھر چلی جاتی ہیں جو انہیں قیام کی دعوت دیتے ہیں۔
انہیں سائیکل چلانے کا شوق 2013 میں اس وقت ہوا جب طلاق کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں۔
اس موقع پر انہوں نے سائیکل سواروں کے ایک گروپ کو دیکھا اور انہیں محسوس ہوا کہ یہ سواری ان کی شخصیت کو آزاد، نڈر اور خودمختار بناسکتی ہے۔
ان کے بیٹے نے انہیں فولڈنگ سائیکل تحفے میں دی اور انہوں نے سب سے پہلا سفر تبت کا کیا۔
اس وقت ان کے پاس محض 170 یوآن تھے، انہیں ماہانہ 3 ہزار یوآن پنشن کی شکل میں ملتے ہیں۔
مختلف ممالک کے سفر کے لیے انہوں نے ایک سال تک ایک گھر میں کلینر کے طور پر کام کیا اور اتنی رقم جمع کرلی کہ وہ جنوب مشرقی ایشیا کا سفر کرسکیں۔
وہ 2 دیگر سائیکل سواروں کے ساتھ روانہ ہوئیں مگر ایک ہفتے بعد ویتنام میں ساتھیوں سے بچھڑ گئیں۔
خوش قسمتی سے انہیں ایک فرد مل گیا جو چینی زبان بول سکتا تھا اور اس نے ان کی گھر واپسی میں مدد کی۔
مگر ہمت ہارنے کی بجائے انہوں نے سائیکل پر ایک اور سفر کا منصوبہ بنایا اور اس کے بعد سے اب تک ویتنام، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، میانمار، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور فرانس سمیت 12 ممالک کا سفر کرچکی ہیں۔
ان کا نیوزی لینڈ کا سفر کووٖڈ 19 کی وبا کی وجہ سے مختصر ہوگیا تھا اور اب وہ نئے ایڈونچر کی تیاری کر رہی ہیں۔
وہ قازقستان سے متحدہ عرب امارات جانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس کے بعد مزید ممالک میں جانے کی منصوبہ بندی کریں گی۔