Time 23 مارچ ، 2025
پاکستان

پنجاب جون 2024 سے دریائے سندھ میں نہربنانا چاہتا ہے، ہم نے روکا ہوا ہے: وزیراعلیٰ سندھ

پنجاب جون 2024 سے دریائے سندھ میں نہربنانا چاہتا ہے، ہم نے روکا ہوا ہے: وزیراعلیٰ سندھ
 کینال سے متعلق ابہام پھیلایا جاتا ہے، بلاول خود اپنے لوگوں کے پاس جاکر ابہام دور کریں گے: مراد علی شاہ— فوٹو: پی پی آئی

سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب جون 2024 سے دریائے سندھ میں کینال بنانا چاہتا ہے، ہم نے روکا ہوا ہے اور کسی صورت کینال نکالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے یومِ پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ اسلامی ممالک کے خلاف ایک مہم چلائی جارہی ہے، ہمیں مل کر پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے، بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی دےکر ملک کو مضبوط کیا، اب دشمن سامنے نہیں چھپ چھپ کر حملہ کرتا ہے مگر معلوم سب کو ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینالوں کے خلاف ہمارا احتجاج جاری ہے، ہم نہریں نہیں بننے دیں گے، پنجاب جون 2024 سے دریائے سندھ میں کینال بنانا چاہتا ہے، ہم نے روکا ہوا ہے اور کسی صورت کینال نکالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ کینال سے متعلق ابہام پھیلایا جاتا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری خود اپنے لوگوں کے پاس جاکر ابہام دور کریں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ مشاورت کے بغیر کام کرنے سے بہت مسائل ہوتے ہیں، حیدرآباد سے سکھر موٹر وے بنانے کی بات اب تک نہیں کی جارہی، ہمارا اعتراض کسی سڑک بننے پر نہیں ہے، اعتراض یہ کہ ہم سے مشاورت کی جائے، حیدرآباد سے سیہون تک سڑک کے 50 فیصد پیسے سندھ حکومت نے دیے۔

میئر کراچی نے گورنر سندھ کو وفاق سے 100 ارب کے ترقیاتی فنڈر دلوانے کے لیے خط لکھا تھا، اس خط کا کیا بنا؟ صحافی کے سوال پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایسا جواب دیا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے قہقہہ لگاتے ہوئے بات ہی ختم کردی۔ 

مزید خبریں :