23 مارچ ، 2025
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پختونخوا ذوالفقارحمید نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو خط لکھا ہے۔
مراسلے میں آئی جی ذوالفقارحمید نے خیبرپختونخوا کو ہارڈ ایریا قرار دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کے پی کو ہارڈ ایریا قرار دےکرپولیس کی تنخواہیں بلوچستان پولیس کے برابر کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی اوربلوچستان اندرونی اورسرحدی دہشت گردی کے خطرات کا سامنا کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں پولیسنگ اتنی ہی مشکل اور چیلنجنگ ہے جتنی بلوچستان میں ہے، بلوچستان کو ہارڈ ایریا قرار دیا گیا ہے اور کے پی میں بھی خطرات زیادہ ہیں۔
مراسلے کے متن کے مطابق بلوچستان میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو زیادہ مالی مراعات دی جاتی ہیں، کے پی پولیس زیادہ قربانیاں دے رہی ہے مگر انہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم تنخواہیں ملتی ہے اور تنخواہوں میں واضح فرق پولیس میں بے چینی اور عدم اطمینان پیدا کر رہا ہے۔
مراسلے کے مطابق فیصلے سے سالانہ مالی بوجھ 2 ارب 19 کروڑ 94 لاکھ 90 ہزار روپے آئے گا۔