26 مارچ ، 2025
آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے اور ریکوڈک کی خبر پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج تیزی کا رجحان رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1139 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 17ہزار 772 پر بند ہوا ہے۔
آئی ایم ایف معاہدے کی خبر اور ریکوڈک کی فیزیبلٹی رپورٹ پر بازار میں کاروبار کا آغاز ہزار پوائنٹس کے جمپ اسٹارٹ سے ہوا۔
سی ای او این بی پی فنڈز ڈاکٹر امجد وحید کہتے ہیں کہ بازار اچھا رہا ہے۔ آئی ایم ایف معاہدے سے معاشی استحکام اور ڈسپلن رہےگا جب کہ کم مہنگائی سے شرح سود ایک سے دو فیصد کم ہونے کی توقعات ہیں جو بینکوں اور منی مارکیٹ فنڈ کے کچھ سرمایہ کاروں کو اسٹاک مارکیٹ کی طرف لائیں گے کیونک بازار کی ویلیوایشن اچھی ہے اور سال کا ریٹرن پندرہ سے بیس فیصد رہنے کے اندازے ہیں۔
بازار میں آج 35 کروڑ 67 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جو گزشتہ روز کے سودوں سے ایک تہائی فیصد زائد ہیں۔
سرمایہ کاروں نے آج ریکوڈک سے منسلک کمپنیوں کی خریداری کی جب کہ فلپ مورس کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے ڈی لسٹنگ کی اہم معلومات جمع کرانے پر تمباکو شعبے کے شیئرز کی قیمتیں سب سے زیادہ بڑھی ہیں جس کی وجہ سے بازار کے کاروبار کی مالیت 92 فیصد بڑھ کر 37 ارب 49 کروڑ روپے رہی۔
مارکیٹ کی کیپٹلائزیشن آج 146 ارب روپے بڑھ کر 14 ہزار 364 ارب روپے ہے۔