28 مارچ ، 2025
ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری معاہدے پر مذاکرات کے حوالے سے بھیجے گئے خط کا جواب دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے 12 مارچ کو ایران کو خط بھیجا تھا، اس خط کے مندرجات کو سرکاری طور پر ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔
البتہ ٹرمپ کے مطابق اُنہوں نےایران سے نئے جوہری معاہدے پر مذاکرات کی درخواست کی تھی۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے دو طرح سے نمٹا جاسکتا ہے، ایک راستہ تو عسکری ہے اور دوسرا یہ کہ معاہدہ کیا جائے، میں معاہدہ کرنا چاہوں گا کیونکہ میں ایران کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، وہ بہت اچھے لوگ ہیں۔
ایران کی جانب سے فوراً اس خط کا جواب نہیں دیا گیا تھا۔
تاہم اب ایران کا کہنا ہے کہ اس نے ٹرمپ کے جوہری مذاکرات کے خط کا جواب دے دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جمعرات کو سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اس سرکاری جواب میں ایک خط شامل ہے جس میں موجودہ صورتحال اور ٹرمپ کے خط کے حوالے سے ایرانی نقطہ نظر کو واضح کیا گیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا ایران کی جانب سے یہ خط عمان کے حوالے کیا گیا ہے، جو اس معاملے میں ثالث کے طور پر کام کر رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح اب بھی امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے اعلیٰ حکام کو لکھے گئے خط میں ایران کو نئے جوہری معاہدے کے لیے 2 ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔