31 مارچ ، 2025
ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔
ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحا لی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔
میٹھی عید پر شیر خرمے، کھیر، مٹھائیوں، کیک اور دیگر لوازمات سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔
بچے عیدی بٹورنے اور عیدی اُڑانے میں مصروف ہیں تو وہیں شام کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد تفریحی مقامات پر پہنچی اور عید کا مزہ دوبالا کیا۔
صدر اور وزیراعظم کی جانب سے قوم کو عید کی مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پوری قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر کی مبار کباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ خوشی کا یہ دن ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔
صدر نے اپنے پہغام میں کہا کہ عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے جو اللہ نے ہمیں روزے کی مشقت پر عطا کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہمیں آپس میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارا ملک ایک مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرے۔ اس موقع پر میں اہل مقبوضہ جموں و کشمیر کیلئے بھی دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی کے ساتھ عید نصیب فرمائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی عید الفطر پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر رمضان کے اختتام پر اتحاد، ہمدردی اور شکر گزاری کی علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوانوں، افسروں کیلئے عید کی خوشی اپنے خاندانوں سے دور رہ کر قوم کا دفاع ہے،فوجی جوان خاندان سے دورامن،خوشحالی اور ہم آہنگی کو فروٖغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ عید کا دن ہمیں قومی ہیروز کی بے مثال بہادری، عزم پرغورکاموقع فراہم کرتا ہے،سپاہیوں کی قربانیوں، اہل خانہ کے غیر متزلزل تعاون کی قدر کرتے ہیں۔عید پریکجہتی،محبت اوراحترام کے جذبے کو فروغ دیں۔