پاکستان

پاکستان ٹیرف معاملے پر امریکا سے مذاکرات کرے گا، سفیر رضوان سعید

پاکستان ٹیرف معاملے پر امریکا سے مذاکرات کرے گا، سفیر رضوان سعید
فوٹو: اسکرین گریب

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان ٹیرف معاملے پر امریکا سے مذاکرات شروع کر رہا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کہا کہ پاکستان ٹیرف معاملےپرامریکاسےمذاکرات کرےگا، آج ہی امریکی معاون نمائندہ برائے تجارت سے ان کی ملاقات بھی طے ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہم امریکی خدشات کا ازالہ کر سکتے ہیں۔

پاکستانی سفیر نےکہا کہ یہ پالیسی امریکی حکومت کا اختیار ہے، خاص طور پر صدر کا، کہ وہ یہاں کی مقامی انڈسٹری کو فروغ دے کر زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا کرنا چاہتے ہیں اسی لیے یہ ٹیرف لاگو کیے گئے ہیں۔ تاہم، پاکستان امید رکھتا ہے کہ یہ معاملہ گفت و شنید سے حل کیا جا سکتا ہے۔ 

اس کے علاوہ امریکا کی ممکنہ سفری پابندیوں پر انہوں نے کہا کہ ویزوں کے معاملے پر امریکا کا حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، اس حوالے سے بھی سفارتی کوششیں جاری ہیں، ہم نے امریکی حکام کو پیغام پہنچا دیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین اور سفارتی لوازمات پورا کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان، چین اور ترکیہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

امریکی صدر نے پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو 9 اپریل سے نافذ العمل ہو گا۔

اس پر اقوام متحدہ میں تعینات سابق پاکستانی مندوب اور سفارتکار ملیحہ لودھی کا کہنا ہے پاکستانی مصنوعات پر ٹیکس تو ہمیشہ سے تھا، امریکی ٹیرف سے دنیا میں تجارتی جنگ شروع ہو جائے گی۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا امریکا ٹیرف عائد کرے یا نہیں، پاکستان کو اپنی ایکسپورٹس بہتر کرنا ہوں گی۔

مزید خبریں :