04 اپریل ، 2025
بنگلادیش کے عبوری رہنما محمد یونس نے آج بھارتی وزیراعظم کی نریندر مودی سے تھائی لینڈ میں ملاقات کی۔
بنگلادیش میں شیخ حسینہ واجد کا اقتدار ختم ہونے کے بعد محمد یونس کی نریندر مودی سے یہ پہلی ملاقات تھی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ملاقات میں محمد یونس نے مودی سے بنگلادیش سے مفرور حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔
محمد یونس نے کہا کہ حسینہ واجد مستقل عبوری حکومت پر غلط اور اشتعال انگیز الزامات لگارہی ہیں، بھارت حسینہ واجد کو ایسے بیانات دینے سے روکے۔
محمد یونس کے پریس آفس کے مطابق نریندر مودی نے بنگلادیش میں کسی مخصوص جماعت کی حمایت سے انکار کیا۔
دوسری جانب بھارتی سیکرٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مودی اور محمد یونس نے حسینہ واجدکی حوالگی کی درخواست پربات کی، وزیراعظم مودی نے جمہوری، مستحکم، پُرامن، جامع اور تعمیری بنگلادیش کی حمایت پر زور دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماوں کےدرمیان ملاقات تھائی لینڈ میں علاقائی سربراہی اجلاس کےموقع پرہوئی۔