Time 05 اپریل ، 2025
پاکستان

صدر مملکت کی صحت بہتر ہو رہی ہے،کل یا پرسوں ڈسچارج ہوجائیں گے: ڈاکٹر عاصم

کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری کے معالج ڈاکٹر عاصم حسین نےکہا ہےکہ صدر مملکت بالکل ٹھیک ہیں، قیاس آرائیاں اب بند ہونی چاہئیں، کورونا اب بھی ملک میں موجود ہے،کیسز اب بھی آرہے ہیں۔

کراچی میں  میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ مجھے فون آیا کہ صدر کی طبیعت خراب ہے ، سردی لگ رہی ہے اور بخار ہوگیا ہے، پیر کی رات صدر مملکت کو کراچی منتقل کیاگیا اور علاج شروع کیا، افسوس ہے کہ سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا بے بنیاد خبریں چلا رہا ہے، صدرزرداری بالکل ٹھیک اور میڈیکلی فٹ ہیں۔

ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ صدرزرداری کو ان کے اسپیشلسٹ دیکھ رہے ہیں،  انفیکشن کنٹرول کے ڈاکٹر ڈاکٹر اسامہ بھی صدر مملکت کو دیکھ رہے ہیں، صدر زرداری کی صحت سے متعلق قیاس آرائی مناسب نہیں، صدر زرداری کی صحت سے متعلق سیاسی کورونا کہنا بالکل غلط بات ہے، ہمارے پاس ریکارڈ ہےکہ کورونا کیسز  اب بھی آرہے ہیں ، لیکن یہ پہلے جیسا کورونا نہیں، یہ کورونا کا ایک اور قسم کا ویریئنٹ ہے، جو اتنا مہلک نہیں ،اس کے اتنے منفی اثرات نہیں،کورونا کی اینٹی وائرل دوائیاں آ گئی ہیں جو کافی مؤثر ہیں ۔

ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ  سیاسی مخالفین جو مرضی ہے کہتے رہیں، سیاسی مخالفین چاہے کوئی اچھا ہو یا بیمار ہر چیز پرٹوئسٹ دیتے ہیں، بھارت توویسے ہی ہمارا دشمن ہے، پھر یہاں کا سوشل میڈیا بھارت کے سوشل میڈیا سے چیزیں اٹھاتا ہے، بھارتی سوشل میڈیاسے چیزیں اٹھا کر چلانا مناسب نہیں۔

ان کا مزیدکہناتھا کہ کچھ دوائیں پاکستان میں دستیاب نہیں، اسپتال نے دوا ارینج کرکے دی، اللہ کے کرم سے صدر مملکت کی صحت بہتر ہورہی ہے، کل یا پرسوں اسپتال سے ڈسچارج ہوجائیں گے۔

مزید خبریں :