06 اپریل ، 2025
سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن گلیسپی پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے پھر بول پڑے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں جیسن گلیسپی نے کہا کہ پاکستان کا تجربہ میری کوچنگ سے محبت کو کھٹا کر چکا ہے، میں ایمانداری سے کہوں گا کہ مجھے یقین ہے کہ میں اسے واپس حاصل کر لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا دھچکا تھا، مجھے مایوسی ہوئی کہ یہ سب کیسے ختم ہوا، اس تجربے سے میرے ذہن میں سوال آیا میں دوبارہ مکمل وقت کے لیے کوچنگ کرنا چاہتا ہوں یا نہیں، میں یہ سب سچے دل سے کہوں گا کہ مجھے کوچنگ کے تجربے نے تھکا دیا ہے۔
دوران انٹرویو جیسن گلیسپی کا کہنا تھا آسٹریلیا بھی اگر کوچنگ کی پیشکش کرتا تو میں جواب دیتا کہ ابھی نہیں، میری اس وقت کل وقتی کوچنگ میں دلچسپی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ جیسن گلیسپی پاکستان ریڈ بال ٹیم کے مختصر وقت کے لیے کوچ رہے،گیری کرسٹن کے عہدہ چھوڑنے کے بعد جیسن گلیسپی عبوری وائٹ بال کوچ بھی بنے۔ جیسن گلیسپی بھی کوچنگ سے الگ ہوئے تو عاقب جاوید عبوری ہیڈ کوچ بن گئے۔
خیال رہے کہ جیسن گلیسپی نے ایک انٹرویو میں الزام لگایا تھا کہ عاقب جاوید نے کوچ بننے کی مہم چلائی۔