Time 10 اپریل ، 2025
کاروبار

دبئی: پاکستانی اسٹارٹ اپس کیلئے عالمی سرمایہ کاری کی چھٹی اَن کانفرنس

دبئی میں پاکستان میں سرمایہ کاری لانےکے لیے انمول بیٹھک ہوئی جس کو  'اَن کانفرنس'  (UnConference ) کا نام دیا گیا۔ جس کا مشن نا صرف سرمایہ کاری پاکستان میں لانا ہے بلکہ اسٹارٹ اپس کو دن دُگنی رات چُگنی ترقی دلانا ہے اور سرمایہ کاروں کو شاندار  منافع اور  باآسانی سرمایہ کی واپسی کو بھی یقینی بنانا ہے۔

اسی مشن کے تحت دبئی میں برج خلیفہ کے سنگم پر پاکستانی انٹرپرینیورز گروپ 'پاک لانچ' کے زیر اہتمام چھٹی اَن کانفرنس منعقد ہوئی، جس کا بنیادی مقصد پاکستانی اسٹارٹ اپس کو عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوڑنا اور نوجوانوں کو نیٹ ورکنگ اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ اس کانفرنس میں 40 پاکستانی اسٹارٹ اپس اور 80 سے زائد عالمی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔

پاک لانچ گروپ گزشتہ تین سال میں پاکستان میں 110 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری لانے میں کامیاب ہوچکا ہے جو مختلف اسٹارٹ اپس کےلیے تھی۔

پاکستان کو ٹیک ایکو سسٹم میں ٹاپ 10 ممالک میں شامل کرنےکا عزم

پاک لانچ کے بانی اور سی ای او علی فہد نے کانفرنس کے دوران کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں پاکستان کو دنیا کے ٹاپ 10 ٹیک ایکو سسٹم میں شامل کیا جائے۔  یہ اَن کانفرنس صرف باتوں تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات کا ذریعہ ہے جو نوجوانوں کو کاروباری مواقع فراہم کرے گی۔

پاکستانی نوجوانوں کے ٹیلنٹ کی تعریف

کانفرنس میں شریک عالمی سرمایہ کار فادی الغندور نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں دنیا کو بدلنے کی صلاحیت ہے، اور اب مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے ابھرنےکا وقت ہے۔ پاکستانی ٹیلنٹ کے دنیا میں چھا جانےکا یہ بہترین موقع ہے۔

اسٹارٹ اپس کے لیے عالمی اسٹاکس میں لسٹنگ کے مواقع

کانفرنس  منعقد کرانے کے اہم حصہ دار حسن رضوی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیلنٹ نا صرف پاکستان بلکہ دبئی میں بیٹھ کر تمام دنیا سے رابطہ اور سرمایہ اکٹھا کرسکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی اسٹارٹ اپس غیر ملکی اسٹاک ایکسچینج میں کمپنی لسٹنگ بھی کراسکیں گے۔

ایپلیکیشن ڈیجیٹ پلس کی کامیابی

کانفرنس میں شریک قاسم ہمایوں اختر  جو ڈیجیٹ پلس کے بانی ہیں، نے بتایا کہ ان کا فن ٹیک اسٹارٹ اپ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کسانوں کو اسمارٹ پیمنٹ سسٹم فراہم کر رہا ہے جس سے لاکھوں کسان مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے  'پاک لانچ'  پلیٹ فارم کو ایک بہترین سرمایہ کاری پلیٹ فارم قرار دیا۔

عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی

پاکستانی انٹرپرینیورز کے لیےگزشتہ چند سالوں میں سات ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری فراہم کرنے والی کمپنی آئی ٹو آئی وینچرز کی مصباح نقوی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے فی الحال 13 اسٹارپ اپس کو سپورٹ کر رہے ہیں اور  ان کو کامیاب بنانےکے لیے مزید سرمایہ لگائیں گے۔

لندن میں مقیم سرمایہ کار بلال قریشی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں فن ٹیک، انرجی اور کلین ٹیک سیکٹرز میں مزید سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انمول پروجیکٹس کی تلاش میں ہیں جو پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔

پاکستان کے لیے سرمایہ کاری کی کامیاب مثال

پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کانفرنس کے دوران کہا کہ  پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس  اس وقت 3.6 ارب ڈالرز  ہیں اور اگلے چند سالوں میں یہ 35 ارب ڈالرز  تک پہنچ سکتی ہیں۔ انہوں نے اَن کانفرنس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کا کامیاب غیر معمولی پلیٹ فارم قرار دیا۔

کانفرنس کا اختتام، روشن مستقبل کی امید

کانفرنس کے دوران مختلف اسٹارٹ اپس اور عالمی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو سراہا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نا صرف پاکستان میں بلکہ عالمی سطح پر نوجوان انٹرپرینیورز کے لیے ایک روشن مستقبل کی امید پیدا ہوئی ہے۔

مزید خبریں :