Time 12 اپریل ، 2025
پاکستان

اسلام آباد، کے پی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں5.5 شدت کا زلزلہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

پنجاب میں راولپنڈی، اٹک، چنیوٹ، چکوال، میانوالی اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اس کے علاوہ پشاور، مردار، مہمند اور شبقدر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے جھٹکے لکی مروت، نوشہرہ، صوابی، لوئر دیر اور مالا کنڈ میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 12 کلو میٹر  تھی، تاہم زلزلے کے باعث کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز راولپنڈی سے 60 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا۔

دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہےکہ زلزلے سے متعلق ابتدائی رپورٹس ملی ہیں جن میں راولپنڈی،گجرات،لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں زلزلےکے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے، پنجاب کے کسی علاقے سے جانی یا مالی نقصان کی رپورٹ نہیں ملی تاہم آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے، زلزلے سے نقصانات کی اطلاع ہیلپ لائن 1129 پردی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں :