12 اپریل ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہےکہ میرا دماغ ٹھیک ہے، سالانہ میڈیکل چیک اپ کے دوران ہر سوال کا صحیح جواب دیا۔
سالانہ طبی معائنےکے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جسمانی ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ ذہنی ٹیسٹ بھی اچھا رہا، میرا دل اور دماغ اچھی حالت میں ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق جون میں 79 سال کے ہونے والے امریکی صدر کی مکمل رپورٹ اتوار کے روز جاری کی جائے گی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ذہنی صحت کا ٹیسٹ بھی دیا ہے جس میں تمام سوالات کے درست جواب دیے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر میں نے خود کو اچھی صحت میں محسوس کیا، میں نے سوچا کہ بائیڈن سے مختلف ہونا چاہیے، اس لیے میں نے ذہنی معائنہ بھی کروایا اور تمام جوابات درست دیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں پنسلوینیا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں ان کا کان گولی سے معمولی زخمی ہوا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کا اپنی صحت سے متعلق معلومات جاری کرنےکا کوئی قانونی تقاضہ نہیں ہے۔
2024 کے انتخابات میں ٹرمپ نے 82 سالہ جو بائیڈن کے مقابلے میں خود کو زیادہ جوان اور تندرست ثابت کرنے پر زور دیا تھا۔