13 اپریل ، 2025
گورنر ہاؤس لاہور میں اسرائیلی برانڈز،غیر ملکی مشروبات اور مصنوعات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے لاہور میں راجہ پرویز اشرف، علی گیلانی،چوہدری منظور اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی۔
گورنر کا کہناتھاکہ جب تک میں گورنر ہوں، گورنر ہاؤس میں تمام غیر ملکی مشروبات اور منصوعات کے استعمال پر پابندی رہے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ ایسی تمام اشیا جن سے اسرائیل اور غیر مسلموں کو مالی فائدہ پہنچتا ہو، ان کا بائیکاٹ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے نہتے مسلمانوں پر ظلم دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔
گورنر پنجاب نے ایران میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے پاکستانیوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اورمطالبہ کیا کہ ایرانی حکومت دہشت گردی میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دے۔