14 اپریل ، 2025
پنجاب بھر میں آج پنجاب کلچر ڈے منایا گیا اور مختلف شہروں میں رنگارنگ تقریبات ہوئیں۔
گزشتہ سالوں میں پنجاب کلچر ڈے 14 مارچ کو منایا جاتا رہا ہے لیکن اس بارمارچ میں رمضان المبارک ہونے اور سانحہ جعفر ایکسپریس کے باعث یہ تہوار 14 اپریل کو منایا گیا، اس دن کو منانےکا مقصد پنجابی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔
روایتی پگڑی، دودھ، لسی، روایتی کھانے اور مہمان نوازی پنجاب کی پہچان ہیں۔ کلچر ڈے کے موقع پر صوبے بھر میں سرکاری محکموں کے افسران اور ملازمین نے روایتی لباس زیب تن کیے۔
جھنگ، سرگودھا، وہاڑی، خانیوال، ملتان اور فیصل آبادمیں ثقافتی رنگوں کی بہار رہی، اسکولوں میں ٹیبلوزپیش کیے گئے جبکہ طلبا طالبات نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔ مختلف شہروں میں ضلعی سطح پر ثقافت اجاگر کرنے کیلئے ریلیاں اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔
خانیوال میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اسکولز کےزیراہتمام ضلع کونسل ہال میں تقریب منعقد کی گئی جس میں تقریری مقابلہ جات اور روایتی رقص بھی پیش کیا گیا۔
گجرات میں ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران نے روایتی لباس زیب تن کیا، جھنگ میں طلبا و طالبات کی جانب سے کلچرل میلہ سجایا گیا جبکہ میانوالی میں گورنمنٹ سینٹرل ماڈل اسکول میں روایتی ڈھول کی تھاپ پر رقص ہوا۔
دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ 17 اپریل کو الحمرا لاہور میں کلچر ڈے کے حوالے سے ایک بڑا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کلچر ڈے کی مناسبت سے پروگرام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خطاب کریں گی۔