Time 15 اپریل ، 2025
پاکستان

فیصل آباد کا مصور ٹریفک پولیس انسپکٹر جس کیلئے آرٹ گیلری بنادی گئی

فیصل آباد میں ٹریفک پولیس کا ایک افسر ایسا بھی ہے جو اشاروں کی زبان کے ساتھ ساتھ فن کی زبان پر بھی مہارت رکھتا ہے اور ان کی مہارت کے اعتراف میں پنجاب میں پہلی بار پولیس لائنز میں ان کے نام سے ہی باقاعدہ آرٹ گیلری قائم کی گئی۔

فیصل آباد ٹریفک پولیس کے انسپکٹر شاہد مسیح کے ہاتھ جس مہارت سے ٹریفک کنٹرول کرتے ہیں تو اسی مہارت سے مصوری کے رنگ بھی بکھیرتے ہیں، ان کے بنائے فن پارے ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

شاہد مسیح کے مطابق مصوری ان کا شوق جبکہ پولیس کی نوکری ان کا پیشہ ہے۔

شاہد مسیح کا کہنا ہے کہ مجھے شوق تھا میں بھی کوئی آرٹ گیلری بناؤں یا کسی فائن آرٹس کے شعبے میں جاؤں لیکن کچھ حالات کی وجہ سے پھر ایسا ہوا کہ ٹریفک وارڈن کی 2007میں بھرتیاں آئیں تھیں میں نے اس میں اپلائی کیا اور نوکری شروع کی۔

شاہد مسیح کے فن کے اعتراف میں پنجاب پولیس کی جانب سے پہلی بار کسی پولیس لائنز میں مصور کے نام سے آرٹ گیلری قائم کی گئی ہے۔

سی پی او فیصل آباد بلال عمر کا کہنا ہےکہ شاہد کو اللہ تعالی نے خداداد تخلیقی صلاحیت دی ہےاور وہ اس کے اندر بہت ماہر ہے تو ہم نے ان کاوشوں اور صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس گیلری کو ان کے نام پر ہی رکھا ہے۔

پنجاب پولیس کی جانب سے انسپکٹر شاہد مسیح کے نام پر آرٹ گیلری کا قیام ایک مصور کی تخلیقی صلاحیتوں کےاعتراف کا بہترین زریعہ ہے۔

مزید خبریں :