Time 15 اپریل ، 2025
پاکستان

سندھ حکومت نے صوبے میں پلاسٹک بیگ پر پابندی عائدکردی

سندھ حکومت نے صوبے میں پلاسٹک بیگ پر پابندی عائدکردی
فوٹو: فائل

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں پلاسٹک بیگ پر پابندی عائد کردی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سندھ پروہیبیشن آف نان ڈی گریڈ ایبل پلاسٹک پراڈکٹس رولز 2024 میں ترمیم کی منظوری  دی گئی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ کابینہ نے پلاسٹک بیگ پر پابندی عائد کردی ہے۔ پلاسٹک بیگ میں شاپنگ بیگ، پلاسٹک کیریئر بیگ شامل ہیں۔ اب پلاسٹک بیگ کےکاروبار  اور خریداری  پر  بھی پابندی ہوگی۔

ترجمان کے مطابق سندھ کابینہ نے فرسٹ ایئرکراچی کے طلبا کو گریس مارکس دینےکی منظوری بھی دے دی۔ طلبا کو 20 فیصد گریس مارکس کیمسٹری، فزکس اور  ریاضی کے مضامین  میں دیے جائیں گے۔

سندھ کابینہ نےکیڈٹ کالج پٹارو کے لیے 200 ملین روپےکی گرانٹ منظورکرلی۔کیڈٹ کالج کرم پور کوبسوں کی خریداری کے لیے ایک کروڑ 65 لاکھ روپے دینےکی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کے لیے 2 کروڑ روپےکی منظوری بھی دی۔ کڈنی سینٹرکراچی کے لیے 50 کروڑ روپے کی ون ٹائم گرانٹ اور ایس آئی سی وی ڈی کے لیے 300 ملین روپے گرانٹ کی منظوری بھی دے دی گئی۔

ترجمان کے مطابق کابینہ نے سندھ ہیبیچوئل افنڈرز مانیٹرنگ رولز 2025 کی منظوری بھی دے دی۔

ترجمان کے مطابق سندھ ہیبیچوئل افنڈرز مانیٹرنگ ایکٹ 2023  میں منظور ہوچکا ہے، اسٹریٹ کرمنلز اور عادی مجرموں کو بریسلیٹ پہنایا جائےگا۔

مزید خبریں :