Time 15 اپریل ، 2025
کھیل

'ہم کیا کریں خودکو گولی مارلیں؟'عمر اکمل پی سی بی پر پھٹ پڑے

ہم کیا کریں خودکو گولی مارلیں؟عمر اکمل پی سی بی پر پھٹ پڑے
فوٹو: اسکرین شاٹ

ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل خود کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر پھٹ پڑے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر عمر اکمل نے الزام لگایا کہ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کے انتخاب میں عمر کی بنیاد پر امتیاز برتا جا رہا ہے۔

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ ان سمیت احمد شہزاد اور صہیب مقصود کو صرف اس وجہ سے نظرانداز کیا جا رہا ہے کیونکہ وہ 34 سال کے قریب ہیں جب کہ اس سے بڑی عمر کے کھلاڑی اب بھی کھیل رہے ہیں۔

عمر اکمل نےکہا کہ ہمیں بتایا جاتا ہےکہ ہم بہت بوڑھے ہوگئے ہیں، نہ کھیل سکتے ہیں اور نہ ہی مینٹور بننے کے قابل ہیں، لیکن43، 45 سال کے کھلاڑی اب بھی کھیل رہے ہیں، ایسے میں ہم کیا کریں خودکو گولی مارلیں؟

عمر اکمل نے فٹنس ٹیسٹ کے معیار پر بھی تنقید کرتے ہوئےکہا کہ کچھ سینئر کھلاڑی اور کوچز نے کبھی فٹنس ٹیسٹ دیے ہی نہیں۔

عمر اکمل نے شعیب ملک پر تنقید کی اور کہا کہ کچھ سینئرز کرکٹرز صرف پی ایس ایل کھیلنے کے لیے خود کو تیار کرتے ہیں اور نوجوان ٹیلنٹ کو موقع نہیں ملتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں جب معروف کھلاڑیوں کو نہیں کھلایا جائےگا تو شائقین کیوں اسٹیڈیم آئیں گے؟

عمر اکمل نے بابراعظم کو بھی مشورہ دیتے ہوئےکہا کہ اسے نمبر 3 پر بیٹنگ کرنی چاہیے، بابر بہترین کرکٹر ہے لیکن اگر وہ کارکردگی بہتر نہیں کرے گا تو مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، پی ایس ایل 10 اس کے کریئرکے لیے اہم موقع ہے۔

مزید خبریں :