16 اپریل ، 2025
بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا کی کرکٹ ٹیم پنجاب کنگز نے انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) 2025 میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
منگل کو پنجاب کنگز نے شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈر کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے کم اسکور کا کامیابی سے دفاع کرنے کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔
ملانپور میں کھیلے گئے میچ میں پنجاب کنگز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 16ویں اوور میں صرف 111 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے 112 رنز کا ہدف بظاہر کافی آسان لگ رہا تھا لیکن پنجاب کنگز کے بولرز نے اسے ناممکن بنا دیا۔
112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کنگز کے بولرز نے شاندار بولنگ کی اورکولکتہ نائٹ رائیڈرز کی پوری ٹیم کو 16 ویں اوور میں صرف 95 رنز پر ڈھیرکر دیا۔
یوں پنجاب کنگز نے کم اسکور کرنے کے باوجود میچ 16 رنز سے جیت کر آئی پی ایل میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
111 رنز کا کامیابی سے دفاع کرنے کے بعد پنجاب کنگز آئی پی ایل کی تاریخ میں کم ترین اسکور کا کامیابی سے دفاع کرنے والی ٹیم بن گئی۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ چنئی سپر کنگز کے پاس تھا جس نے 2009 میں پنجاب کے خلاف 116 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔
کولکتہ کے خلاف تاریخی فتح میں پنجاب کنگز کی جانب سے لیگ اسپنر چاہل نے 4 اور فاسٹ بولر ماکور یانسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پنجاب کنگز نے آئی پی ایل 2025 میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جس میں اس نے 4 میں فتح حاصل کی جبکہ 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پریتی زنٹا کی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پرموجود ہے۔