Time 17 اپریل ، 2025
دلچسپ و عجیب

چیٹ جی پی ٹی نے ایک خاتون کی زندگی کو بچالیا

چیٹ جی پی ٹی نے ایک خاتون کی زندگی کو بچالیا
یہ وہ خاتون نہیں بلکہ ایک اسٹاک فوٹو ہے / اسکرین شاٹ

کیا آپ یقین کریں گے کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی نے ایک خاتون کی زندگی بچالی؟

جی ہاں یہ حیرت انگیز واقعہ امریکا میں سامنے آیا۔

نتالیہ ٹیرین نامی خاتون ایک فوٹوگرافر ہیں جو نارتھ کیرولائنا کے علاقے شیرولیٹ سے تعلق رکھتی ہیں۔

نتالیہ ٹیرین نے بتایا کہ انہوں نے چیٹ جی پی ٹی سے تفریحاً ایک سوال پوچھا تھا اور اس کے نتیجے میں وہ چیٹ بوٹ کے اصرار پر اسپتال چلی گئیں۔

اس وقت ان کے حمل کو 8 ماہ ہوچکے تھے اور وہ چیٹ جی پی ٹی کی شکرگزار ہیں جس نے 2 زندگیوں کو بچالیا۔

انہوں نے ایک انسٹا گرام پوسٹ میں بتایا کہ 'میں نے چیٹ جی پی ٹی سے ایک سوال تفریحاً پوچھا تھا، کہ آخر میرے جبڑے سخت کیوں محسوس ہو رہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ علامت سنجیدہ محسوس نہیں ہو رہی تھی مگر چیٹ جی پی ٹی نے زور دیا کہ وہ اپنے بلڈ پریشر کو چیک کریں۔

نتالیہ ٹیرین نے بتایا کہ 'تو میں نے بلڈ پریشر کو چیک کیا جو بہت زیادہ بڑھا ہوا تھا، میں نے سوچا کہ کچھ دیر میں وہ کم ہو جائے گا مگر وہ مسلسل بڑھتا رہا'۔

نتالیہ ٹیرین کو اس وقت بھی توقع تھی کہ بلڈ پریشر کی سطح میں کمی آئے گی مگر اے آئی چیٹ بوٹ نے زور دیا کہ وہ فوری ایمبولینس کو طلب کریں۔

انہوں نے ایک اور انسٹا گرام پوسٹ میں بتایا کہ انہیں سر چکرانے کا مسئلہ نہیں ہوا تھا تو وہ چیٹ جی پی ٹی کے مشورے کو نظرانداز کرنے کا سوچ رہی تھیں، مگر خوش قسمتی سے انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جب میں اسپتال پہنچی تو میرا بلڈ پریشر 200/146 تھا'۔

اسپتال میں ڈاکٹروں نے خاتون کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ بچے کی پیدائش کے لیے فوری آپریشن کرنے کی ضرورت ہے۔

بچے کی پیدائش کے بعد ڈاکٹروں نے انکشاف کیا کہ اگر وہ اس رات سونے کے لیے لیٹ جاتیں تو پھر کبھی بیدار نہیں ہو پاتیں۔

بچے کی پیدائش کے 5 دن بعد بھی نتالیہ ٹیرین کا بلڈ پریشر مسلسل بڑھتا رہا تھا اور کچھ وہ وقت کے لیے بینائی سے بھی محروم ہوگئیں۔

اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ اس کے لیے چیٹ جی پی ٹی کی شکر گزار ہیں۔

مزید خبریں :