20 اپریل ، 2025
حیدرآباد: وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور اور بین المذاہت ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے خود پر گزشتہ روز ہونے والے حملے سے متعلق بیان سامنے آگیا۔
کھیئل داس کوہستانی سے صحافی نے سوال کیا کل جو آپ پر حملہ ہوا تھا، تو آپ کیا سمجھتے ہیں اس میں پیپلز پارٹی کا ہاتھ ہے؟ جس پر وزیر مملکت کا کہنا تھا میں نہیں سمجھتا کہ پیپلز پارٹی اس میں شامل ہے، میں سمجھتا ہوں پیپلزپارٹی ایک جمہوری جماعت ہے، پیپلز پارٹی نے اس طرح کے ہتھکنڈے کبھی نہیں کیے۔
کھیئل داس کوہستانی کا کہنا تھا جن لوگوں نے حملہ کیا، ان کے جھنڈے اور چہرے سامنے تھے جو سب نے دیکھے، اس حملے کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ بھی ہوا ہے، یہ پتا لگا ہے کہ کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا ہم پرامن لوگ ہیں، ہم امن کی بات کرتے ہیں، ہم تعمیر، ترقی، خوشحالی اور پاکستان کی بات کرتے ہیں، ہم صوبے کے حقوق کی بھی بات کریں گے، پاکستان ہم سب کا ہے، اس طرح کی بزدلانہ کارروائی، ہمیں اپنے کام سے نہیں روک سکتی۔