21 اپریل ، 2025
سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ آئی پی ایل 2025 میں خراب کارکردگی دکھانے والے غیر ملکی کرکٹرز گلین میکسویل اور لیام لیونگ اسٹون پر برس پڑے۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران سہواگ نے پنجاب کنگز کے گلین میکسویل اور رائل چیلنجرز بنگلور کے لیام لیونگ اسٹون کو اس سیزن میں ناکامی پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان میں عزم کی کمی کا الزام لگایا۔
دوران گفتگو وریندر سہواگ نے دونوں غیر ملکی کھلاڑیوں پر برستے ہوئے کہا کہ’مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے میکسویل اور لیونگ اسٹون کی لگن ختم ہوگئی ہو، یہ یہاں صرف چھٹیاں منانے آتے ہیں اور چھٹی مناکر چلے جاتے ہیں‘۔
سہواگ نے کہا کہ ’ وہ آتے ہیں ، مزےکرکے واپس چلے جاتے ہیں ان میں ٹیم کے لیے لڑنے کی کوئی خواہش نظر نہیں آتی، ان کی کارکردگی اس سیزن میں اعلیٰ کارکردگی کے ساتھ ناکام ہو گئی ہے‘۔
آئی پی ایل کے فلاپ کھلاڑی ، گلین میکسویل اور لیونگ اسٹون کی کارکردگی
رواں سیزن میں 4 کروڑ سے زائد معاوضہ لینے پنجاب کنگز کے گلین میکسویل نے6 میچز کی 5 اننگز میں8.20 کی اوسط سے صرف 41 رنز بنائے اور 4 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
دوسری جانب 8 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کی قیمت لینے والے رائل چیلنجرز بنگلور کے کرکٹر لیام لیونگ اسٹون کی کارکردگی بھی توقع کے مطابق نہیں رہی، لیونگ نے 7 میچز میں مجموعی طور پر 87 رنز بنائے ہیں۔