Time 22 اپریل ، 2025
صحت و سائنس

شادی شدہ افراد میں ایک سنگین مرض کا خطرہ بڑھنے کا انکشاف

شادی شدہ افراد میں ایک سنگین مرض کا خطرہ بڑھنے کا انکشاف
ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی/ فائل فوٹو 

شادی شدہ ہونے سے مختلف امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے مگر اس سے دماغی تنزلی کا شکار بنانے والے مرض ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقی میں سامنے آیا۔

درحقیقت اس تحقیق کے نتائج اس لیے حیران کن ہیں کیونکہ متعدد تحقیقی رپورٹس میں ثابت کیا گیا کہ شادی شدہ ہونے سے امراض قلب، صحت مند بڑھاپے سمیت صحت کو مختلف اقسام کے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

امریکا کی فلوریڈا اسٹیٹ ایجنسی کی تحقیق میں اعتراف کیا گیا کہ اس بارے میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ وجہ معلوم ہوسکے کہ آخر غیر شادی شدہ، طلاق یافتہ یا شریک حیات کے انتقال کے بعد تنہا رہ جانے والے افراد میں ڈیمینشیا کا خطرہ کیوں کم ہوتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ ان میں اس مرض کی تشخیص کم کیوں ہوتی ہے۔

اس تحقیق میں 24 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا جو آغاز میں ڈیمینشیا کے شکار نہیں تھے اور پھر ان کی صحت کا جائزہ 18 برسوں تک لیا گیا۔

ان افراد کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا، ایک گروپ شادی شدہ افراد کا تھا، دوسرا طلاق یافتہ، تیسرے گروپ میں شریک حیات کے انتقال کے بعد تنہا رہ جانے والے افراد شامل تھے جبکہ چوتھا غیر شادی شدہ افراد پر مشتمل تھا۔

تحقیق میں ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھانے والے عناصر جیسے عمر اور جنس کو مدنظر رکھنے کے بعد دریافت ہوا کہ غیر شادی شدہ افراد میں ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ 40 فیصد کم ہوتا ہے۔

اسی طرح جن افراد کے شریک حیات کا انتقال ہو جاتا ہے، ان میں یہ خطرہ 27 فیصد جبکہ طلاق یافتہ افراد میں 34 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

مزید عناصر جیسے تعلیم، جینز اور دیگر طبی مسائل کو مدنظر رکھنے کے بعد دریافت ہوا کہ شریک حیات کے انتقال کے بعد تنہا رہ جانے والے افراد میں دماغی تنزلی کا خطرہ 24 فیصد جبکہ غیر شادی شدہ افراد میں 17 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

محققین کے خیال میں ازدواجی حیثیت سے ہٹ کر کچھ عناصر اس حوالے سے ممکنہ کردار ادا کرتے ہیں مگر فی الحال ان کے پاس ایسے شواہد نہیں جو واضح وجوہات کو ثابت کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر غیر شادی شدہ افراد سماجی تعلقات کو زیادہ مضبوطی سے برقرار رکھتے ہیں جس سے ڈیمینشیا کا خطرہ گھٹ جاتا ہے جبکہ شریک حیات کے ساتھ خراب تعلق سے ممکنہ طور پر دماغی تنزلی کا خطرہ بڑھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر شادی شدہ افراد ممکنہ طور پر دوستوں اور پڑوسیوں کے ساتھ زیادہ ملتے جلتے ہیں اور شادی شدہ افراد کے مقابلے میں زیادہ صحت مند عادات کو اپناتے ہیں۔

مگر انہوں نے تسلیم کیا کہ دیگر تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ شادی شدہ ہونے سے ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے اور مختلف وجوہات سامنے آئیں، مگر ہمارے نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ یہ ایک پیچیدہ مسئلہ ہے۔

محققین کے مطابق ہماری تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ غیر شادی افراد کے تمام گروپس میں ڈیمینشیا کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل الزائمر اینڈ ڈیمینشیا میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :