Time 22 اپریل ، 2025
کھیل

'مجھےکرکٹ کھیلنے پر افسوس ہے'، سابق بھارتی کپتان نے ایسا کیوں کہا؟

مجھےکرکٹ کھیلنے پر افسوس ہے، سابق بھارتی کپتان نے ایسا کیوں کہا؟
فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے اسٹیڈیم کے ایک اسٹینڈ سے اپنا نام ہٹانے کے فیصلے پر شدید مایوسی اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اس اقدام کو کرکٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔

بھارتی میڈیا سےگفتگو میں اظہرالدین کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہوئے مجھے بہت تکلیف ہو رہی ہےکہ مجھے کرکٹ کھیلنے پر افسوس ہے۔ ایسے لوگوں کو دیکھ کر دل دکھتا ہے، جنہیں اس کھیل کے بارے میں کچھ نہیں معلوم یا وہ اس کھیل کی بہت کم سمجھ رکھتے ہیں لیکن پھر بھی وہ انتظامی عہدوں پر فائز ہیں۔

خیال رہےکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کےسابق صدر پر الزام ہےکہ انہوں نے 2019 سے 2023 تک حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے جانبدارانہ فیصلے کیے جن سے مفادات کا ٹکراؤ ہوتا تھا۔

اظہرالدین کے خلاف یہ الزام ایک مقامی کرکٹ کلب کی جانب سے عائد کیا گیا تھا جس کے بعد حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے نارتھ اسٹینڈ سے ان کا نام ہٹا دیا۔

سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف عدالت جائیں گے۔ انہوں نے بی سی سی آئی سے بھی اپیل کی کہ اس معاملے پر مداخلت کرے۔

مزید خبریں :